Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025

’میچ آئرلینڈ جیت گیا مگر شائقین کے دل نیپالی وکٹ کیپر نے جیت لیے‘

کرکٹ شائقین نیپالی ٹیم کے کھلاڑی کی جانب سے ’سپرٹ آف کرکٹ‘ کے مظاہرے کا ویڈیو کلپ شیئر کررہے ہیں (فوٹو: سکرین گریب)
بین الاقوامی کرکٹ میں جہاں ہر ایک ایک گیند، رن اور وکٹ بہت زیادہ اہم ہوتی ہے اور ’سپرٹ آف کرکٹ‘ کا مظاہرہ شاذ و نادر ہی دیکھنے کو ملتاہے۔ ایسے میں نیپال کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر آصف شیخ نے آئرلینڈ کے کھلاڑی اینڈی مک برائن کو کپتان سندیپ لیمچنے کے منع کرنے پر آؤٹ نہیں کیا۔
عمان میں چار ملکی ٹی20 سیریز میں آئرلینڈ کے خلاف میچ میں نیپال کے بولر کمال سنگھ ایری گیند کرانے کے بعد آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اینڈی مک برائن سے ٹکرائے جس سے وہ کریز پر نہ پہنچ سکے اور وکٹ کیپر آصف شیخ نے انہیں رن آؤٹ نہیں کیا۔
عمان میں کھیلا گیا یہ ٹی20 میچ آئرلینڈ نے جیت لیا مگر دنیا بھر میں کرکٹ شائقین کے دل نیپال کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر آصف شیخ نے جیت لیے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرکٹ شائقین نیپالی ٹیم کے کھلاڑی کی جانب سے ’سپرٹ آف کرکٹ‘ کے مظاہرے کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے خوب سراہ رہے ہیں۔
کرکٹ کمنٹیٹر اینڈیریو لیوںارڈ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ بہت متاثرکن لمحہ تھا جو دنیا بھر میں وائرل ہوگیا۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’کچھ باتیں جو میں کمنٹری کے دوران کرنا بھول گیا یہاں میں وضاحت کرنا چاہتا ہوں کہ کیوں کہ نیپالی کرکٹ ٹیم کو خود پر فخر کرنا چاہیے۔‘
کمنٹیٹر اینڈریو لیونارڈ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’منگل کو نیپال میچ ہار گیا لیکن کرکٹ کی دنیا کے دل جیت لیے۔ ایک بات جو میں نہیں سن سکا وہ یہ کہ نیپال کرکٹ ٹیم کے نئے کپتان سندیپ لیمچنے نے آصف خان کو اینڈی مک برائن کو رن آؤٹ نہ کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے بعد سندیپ لیمچنے اینڈی سے ہاتھ بھی ملانے گئے۔‘

اس موقع پر نیپال کے تمام کھلاڑی آصف شیخ اور کپتان سندیپ کے فیصلے پر داد دینے کے لیے کھڑے ہوگئے۔
سپرٹ آف کرکٹ کے بارے میں اکثر بات ہوتی ہے کہ کیا یہ نئے دور میں ختم ہوگیاہے؟
ٹوئٹر صارف شہود حسین نے وائرل ہونے والا ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’نیپالی وکٹ کیپر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ سپرٹ آف کرکٹ ابھی زندہ ہے۔‘
سوشل میڈیا صارف ابھیشک شیکھاوت نے سپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ ملنے کی امید ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ ’امید ہے یہ لمحہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا نیپالی کرکٹ ٹیم کے لیے سپرٹ آف دا ایئر ہوگا۔‘
ٹوئٹر صارف سمراٹ مہارجن نے کہا کہ ’آصف شیخ کی جانب سے شاندار سپورٹس مین سپرٹ دیکھنے کو ملا، جنہوں نے آئرش بیٹر کو کمال سنگھ ایری سے ٹکرانے کے بعد آؤٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔‘

شیئر: