Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
بدھ ، 18 جون ، 2025 | Wednesday , June   18, 2025
بدھ ، 18 جون ، 2025 | Wednesday , June   18, 2025

لبنان اور کویت میں اسرائیلی اداکارہ کی فلم پر پابندی عائد

اداکارہ گیل گیدوت اسرائیل کی فوج میں دو برس خدمات انجام دے چکی ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
لبنان اور کویت نے سیاسی تحفظات کے باعث فلم ’نیل میں موت‘ پر پابندی عائد کر دی ہے۔
عرب نیوز نے ڈیڈلائن ڈاٹ کام کے حوالے سے بتایا ہے کہ فلم کو اختتام ہفتہ نمائش کے لیے پیش کیا جانا تھا۔
اس فلم میں اسرائیلی اداکارہ گیل گیدوت نے کام کیا ہے جو ماڈلنگ اور فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے سے قبل اسرائیل کی فوج میں دو برس کی تربیت بھی حاصل کر چکی ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیل میں ہر شہری کے لیے دو برس تک فوج میں خدمات انجام دینا لازمی ہے۔
قبل ازیں کویت کے القباس اخبار نے انکشاف کیا تھا کہ فلم پر پابندی کا فیصلہ سوشل میڈیا پر شہریوں کی جانب سے مطالبے کے بعد کیا گیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر صارفین نے گیل گیدوت کی جانب سے ماضی میں اسرائیلی فوج کی ستائش اور فلسطینی تنظیم حماس پر تنقید کی جانب اشارہ کیا اور ان کے سکرین شاٹس شیئر کیے۔
سنہ 2014 میں غزہ پر اسرائیل کے اُن حملوں میں دو ہزار 251 فلسطینی مارے گئے تھے جن میں زیادہ تر عام شہری تھے جبکہ اس لڑائی کے دوران 74 اسرائیلی بھی ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تعداد فوجیوں کی تھی۔
لبنان میں اسرائیلی اداکارہ گیل گیدوت کی دو فلمیں ماضی میں پابندی کا شکار رہیں جن میں سنہ 2017 میں ’ونڈر وومن‘ اور سنہ 2021 میں اسی فلم کے سیکوئل ’ونڈر وومن 1984‘ کو نمائش سے روک دیا گیا تھا۔

فلم کی کہانی برطانیہ کی آنجہانی لکھاری اگاتھا کرسٹی کی مشہور کتاب سے لی گئی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

’ڈیتھ آن دی نائل‘ یا دریائے نیل میں موت نامی فلم برطانوی فلم ساز کینتھ براناغ نے بنائی ہے جس کی سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت مشرق وسطیٰ کے دیگر ملکوں میں نمائش جاری ہے۔
اس فلم کی کہانی برطانیہ کی آنجہانی لکھاری اگاتھا کرسٹی کی مشہور کتاب سے لی گئی ہے۔

شیئر: