صدر عارف علوی کا ورڈل ٹویٹ سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد ڈیلیٹ
جمعرات 3 فروری 2022 12:59
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
صدر عارف علوی کی جانب سے ٹویٹ ڈیلیٹ کردی گئی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی بھی حروف کو جوڑ کر لفظ بنانے کی مشہور گیم ’ورڈل‘ کے فین نکلے۔
جمعرات کو انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اپنا ’ورڈل‘ گیم کا سکور شیئر کیا، جس کے بعد صارفین ان کی ٹویٹ پر طنز و مزاح سے بھرپور تبصرے کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
شبانہ صادق نامی صارف نے لکھا کہ ’ضرور ان کے پوتے اور پوتیاں ان کے فون سے کھیل رہے ہوں گے۔‘

جبکہ چارلی چیپلن نامی صارف نے اس ٹویٹ پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہمارے صدر ہمیں کبھی مایوس نہیں کرتے۔‘
پاکستان کے معروف صحافی طلعت حسین نے صدر عارف علوی کی ٹویٹ کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے تنقید کی کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات ہورہے ہیں اور صدر گیم کھیل رہے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہاں تک کہ ان کے پاس بلوچستان میں جاری دہشتگردی کے واقعات کے حوالے سے بھی کہنے کو کچھ نہیں۔‘

صنم جمالی نامی صارف نے اس ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’جب روم جل رہا تھا تو نیرو بانسری بجا رہا تھا۔ جب بلوچستان جل رہا تھا تو علوی ورڈل کھیل رہے تھے۔‘

تاہم صدر عارف علوی کی جانب سے اس ٹویٹ کو اب ڈیلیٹ کردیا گیا ہے۔

ان کے بیٹے اواب علوی نے اپنی ایک ٹویٹ میں اپنے والد کے حوالے سے لکھا کہ ’مجھے پتہ ہے کہ وہ پزل لطف اندوز ہوتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ان کے خاندان میں ایک مقابلہ چل رہا ہے اور اس مقابلے میں ان کے کچھ پوتے، پوتیاں،نواسے اور نواسیاں بھی حصہ لے رہے ہیں۔

واضح رہے گذشتہ رات شدت پسندوں نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے کیمپوں پر حملہ کردیا تھا۔ وزیرداخلہ شیخ رشید کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے حملوں کو ناکام بناتے ہوئے 15 شدت پسندوں کو ہلاک کردیا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حملوں میں چار سیکیورٹی اہلکار بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
ورڈل گیم کو اکتوبر میں ریڈٹ سافٹ وئیر انجئینئر جوش وارڈل نے بنایا تھا۔ تیسری سہ ماہی کے دوران کمپنی نے گیمز، کھانا پکانے اور پراڈکٹس ریوو کے لیےایک لاکھ 35 ہزار نئے اراکین کو شامل کیا ہے۔
یہ گیم جیتنے کے بعد آپ نتائج سوشل میڈیا پر پوسٹ بھی کرسکتے ہیں۔
بعض افراد منٹوں میں یہ گیم جیت لیتے ہیں جبکہ کئی گھنٹوں سوچتے رہ جاتے ہیں۔