تین ماہ میں 65 ہزار سے زیادہ سعودیوں کو روزگار کی فراہمی
انجینیئرنگ کے شعبے میں سعودائزیشن کا بڑا ہدف پورا کیا ہے( فائل فوٹو روئٹرز)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ سال رواں کی تیسری سہ ماہی کے دوران 65 ہزار سے زیادہ سعودیوں کو روزگار فراہم کیا گیا ہے۔
انجینئرنگ، کمیونیکیشن، انفارمیشن ٹیکنالوجی، اکاؤنٹنٹ کے پیشوں، قہوہ خانوں اور ریستورانوں کی اسامیوں کی سعودائزیشن کے فیصلوں کی وجہ سے یہ ممکن ہوسکا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت افرادی قوت کے ترجمان سعد الحماد نے کہا کہ’ وزارت نے کہا کہ انجینیئرنگ کے شعبے میں سعودائزیشن کے حوالے سے بڑا ہدف پورا کیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’16 ہزار سے زیادہ سعودی نوجوانوں جس میں خواتین شامل ہیں کو انجینیئرنگ کے شعبے میں روزگار فراہم کیا گیا جبکہ ہدف 7 ہزار اسامیوں پر سعودیوں کے تقرر کا تھا‘۔
یاد رہے کہ وزارت افرادی قوت نے مملکت میں سعودائزیشن کے عمل کو تیز کرنے اور سعودیوں کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف شعبوں میں غیر ملکی کارکنوں کی جگہ سعودیوں کے تقرر کو لازمی کیا ہے۔
مملکت میں سعودی شہریوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کرنا بنیادی ہدف ہے۔