Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعہ ، 25 جولائی ، 2025 | Friday , July   25, 2025
جمعہ ، 25 جولائی ، 2025 | Friday , July   25, 2025

شہریوں کی 83 ہزار سے زائد شکایات پر دوبارہ کارروائی کا حکم

مذکورہ تمام شکایات میں شہریوں کو جزوی ریلیف کا عندیہ دیا گیا تھا (فوٹو: پی ایم ڈی یو)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے2549 اداروں کی جزوی طور پر حل شدہ شکایات کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیا ہے۔
سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق پرائم منسٹر ڈیلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو) کی جانب سے سنیچر کو جاری تفصیلات میں کہا گیا کہ اس سلسلہ میں 83 ہزار741 شکایات دوبارہ کھول کر مجاز افسران کو ضروری کارروائی کے لیے تفویض کی جائیں گی۔
مذکورہ تمام شکایات میں شہریوں کو جزوی ریلیف کا عندیہ دیا گیا تھا۔ پی ایم ڈی یو نے کہا ہے کہ 773 وفاقی اداروں کی 43 ہزار 351 شکایات کھولی جائیں گی، جبکہ صوبائی حکومتوں کے 2450 اداروں کی 40 ہزار 415 شکایات دوبارہ تفویض کی جائیں گی۔
پی ایم ڈی یو نے کہا ہے کہ وفاقی سطح پر سب سے زیادہ 3181 شکایات آئیسکو کی کھولی جائیں گی، جبکہ صوبائی سطح پر پنجاب میں ہائی وے کی 1606، خیبرپختونخواہ میں پی ڈی اے کی412، سندھ میں کے ڈبلیو ایس پی کی874 اور بلوچستان میں سیکنڈری ایجوکیشن کی 130 شکایات سر فہرست ہیں۔
پی ایم ڈی یو نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں عوامی شکایات کا ہر ممکن حل یقینی بنایا جائے گا۔
اس سے قبل مئی میں بیرون ملک مقیم پاکستانی کی متعدد بار شکایات درج کرانے کے باوجود مسئلہ حل نہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان نے متعدد افسران کو عہدوں سے برطرف اور معطل کر دیا تھا۔ 
وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کی سٹیزن پورٹل پر شکایات کا وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد لینڈ ریونیو کے افسران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی تھی۔  
وزیراعظم کی ہدایات پر متعدد افسران کو عہدوں سے برطرف کر کے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ 21 روز میں انکوائری رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

شیئر: