سنیچر کو کئی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
بارش کا سلسلہ ساحلی مقامات تک پھیل جائے گا(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ سنیچر کو جازان، عسیر، باحہ اور مکہ مکرمہ کے بالائی مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ بارش کا سلسلہ ان چاروں علاقوں کے ساحلی مقامات تک پھیل جائے گا۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ تبوک، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ ریجنوں کے ساحلی مقامات تیز ہواؤں سے متاثر ہوں گے۔
قومی مرکز نے بتایا کہ سنیچر اور پرسوں اتوار کو تبوک، الجوف اور حدود شمالیہ میں بعض مقامات پر درجہ حرارت کم ہوجائے گا۔ کم از کم درجہ حرارت 16 سے 20 سینٹی گریڈ کے درمیان ہوگا۔
بیان میں قومی مرکز نے بتایا کہ سنیچر کو مملکت بھر میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 41 سینٹی گریڈ مکہ مکرمہ اور پھر مدینہ منورہ میں ہوگا جبکہ سب سے کم درجہ حرارت تیرہ سینٹی گریڈ السودۃ میں متوقع ہے۔