العارضہ میں بجلی گرنے سے یمنی تارک وطن ہلاک
جمعرات 2 ستمبر 2021 10:50
’ہلال احمر نے اطلاع ملنے پر ہلاک ہونے والے یمنی کی لاش ہسپتال کے سرد خانے منتقل کردی ہے‘ (فائل فوٹو: البیان)
جازان ریجن کے دیہی علاقے العارضہ میں بجلی گرنے سے ایک یمنی تارک وطن ہلاک ہوگیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ہلال احمر نے اطلاع ملنے پر ہلاک شدہ شخص کی لاش قریبی ہسپتال کے سرد خانے منتقل کر دی ہے۔
رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ’علاقے میں گزشتہ کئی دنوں سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے‘۔
’یہاں بلندی کی وجہ سے اکثر و بیشتر بجلی گرتی رہتی ہے جس سے کبھی انسان اور کبھی جانور متاثر ہوتے ہیں‘۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے آگاہ کیا ہے کہ جازان ریجن کی متعدد کمشنریوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمے نے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ بارش اور بجلی کی چمک کے وقت کھلے مقامات کے علاوہ وادیوں اور پر خطر مقامات سے دور رہیں۔