مڈل اور ہائی سکول کے طلبہ کو موبائل لانے کی مشروط اجازت
جمعرات 26 اگست 2021 12:55
’کلاس روم میں اجازت کے بغیر ویڈیو بنانا سائبر کرائم میں شمار ہے‘ ( فوٹو: الاہرام)
سعودی وزارت تعلیم نے مڈل اور ہائی سکول کے طلبہ کو سکول میں موبائل لانے کی اجازت دی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ ’مشروط اجازت کا مقصد داخلے کے وقت طلبہ کا توکلنا میں سٹیٹس دیکھنا ہے‘۔
وزارت تعلیم نے طلبہ و طالبات کو ہدایت کی ہے کہ ’کلاس روم کے اندر موبائل کا استعمال نہ کیا جائے‘۔
’طلبہ و طالبات پر موبائل کے استعمال کے حوالے سے ہدایات کی پابندی لازمی ہے، بصورت دیگر کارروائی کا امکان ہے‘۔
دوسری طرف وزارت نے کہا ہے کہ ’اتوار سے تمام سکول کھل جائیں گے جبکہ مڈل اور ہائی سکولوں کے طلبہ کو موبائل لانے کی اجازت ہے‘۔
’ہمیں اپنے بچوں اور تعلیمی اداروں کے علاوہ والدین پر اعتماد ہے جو سکولوں میں موبائل کے صحیح استعمال کے ضامن ہیں‘۔
ادھر قانونی مشیر خالد ابو راشد نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کلاس روم میں ویڈیو بنانا اوراساتذہ کے علاوہ دیگر طلبہ کی اجازت کے بغیر ویڈیو بنانا سائبر کرائم میں شمار ہے‘۔
انہوں نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ ’بچوں کو سمجھائیں کہ دوسروں کی ویڈیو اور تصاویر بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کرنا قابل مواخذہ ہے‘۔