مکہ مکرمہ میں رواں ہفتے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
’موسمیاتی نقشوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ بارش سے پہلے گرد وغبار کے طوفان کا بھی امکان ہے‘ ( فوٹو: طقس العرب)
مکہ مکرمہ ریجن میں آج اتوار سے ہفتے کے اختتام تک غیر یقینی موسم کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
طقس العرب کے مطابق ریجن کی مختلف کمشنریوں میں بادل گھرے رہیں گے، گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
طقس العرب کے ماہرین نے کہا ہے کہ ’ریجن کی موسمیاتی نقشوں کا جائزہ لینے سے اندازہ ہوتا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران بارش سے پہلے گرد وغبار کے طوفان کا بھی امکان ہے‘۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’باحہ ریجن میں آج رات 8 بجے تک گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’العقیق، القری، مندق، بلجرشی، بنی حسن اور قرب وجوار کے علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’یہی صورتحال جازان، عسیر اور مکہ مکرمہ کے بالائی علاقوں میں بھی ہے جہاں درمیانے درجے کی بارش کی توقع ہے‘۔