سرمایہ کاری کا دھوکہ دینے والے دو شامی گرفتار
’گرفتار شدگان کے قبضے سے دو لاکھ 86 ہزار ریال ضبط ہوئے ہیں جسے وہ بیرون ملک بھیجنے والے تھے‘ ( فوٹو: سبق)
قصیم پولیس نے سرمایہ کاری کا دھوکہ دینے والے دو غیر ملکیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق قصیم ریجن پولیس کے ترجمان لیفٹیننٹ بدر السحیبانی نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدگان شامی تارکین ہیں‘۔
’ان کے قبضے سے دو لاکھ 86 ہزار ریال ضبط ہوئے ہیں جسے وہ غیر قانونی ذرائع سے بیرون ملک بھیجنے والے تھے‘۔
ترجمان نے کہا ہے کہ ’مذکورہ افراد سوشل میڈیا ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے سادہ لوح افراد کو منافع بخش سرمایہ کاری کا دھوکہ دے رہے تھے‘۔
’گرفتار شدگان نے غیر معمولی منافع کا لالچ دے کر متعدد افراد سے رقم وصول کی ہے‘۔
’یہ لوگ سادہ لوح افراد کے بینک اکاؤنٹ کے ذریعہ بھی رقوم بیرون ملک ارسال کیا کرتے تھے‘۔
’گرفتار شدگان سے تفتیش جاری ہے، ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جائے گا‘۔