کورونا کے کیسز میں کمی، چوبیس گھنٹے میں 569 نئے مریض
کورونا کے فعال کیسز کی تعداد چھ ہزار 502 ہو گئی ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں منگل 17 اگست کو کورونا کے 500 سے زیادہ نئے مریض سامنے آئے ہیں، پچھلے چند دنوں سے نئے کیسز مسلسل کم ہو رہے ہیں۔
منگل کو سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 569 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 704 افراد صحت یاب بھی ہوئے۔‘
وزرات صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 12 مریض چل بسے، جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر آٹھ ہزار 431 ہو گئی ہے۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد کم ہو کر چھ ہزار 502 ہو گئی ہے، جن میں سے ایک ہزار 295 مریضوں کی حالت نازک ہے جو انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں زیرعلاج ہیں۔‘
وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ’سب سے زیادہ مریض ریاض ریجن میں سامنے آئے، جن کی تعداد 132 ہے جبکہ مکہ ریجن میں 101 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔‘
الشرقیہ ریجن میں 59، جازان ریجن میں 61،عسیر ریجن میں 41، القصیم ریجن میں 43، نجران ریجن میں 25، مدینہ ریجن میں 35، حائل ریجن میں 17، تبوک ریجن میں 15، الجوف ریجن میں 14، الباحہ ریجن میں 11 اورالحدود الشمالیہ میں 15 مریض سامنے آئے۔
اب تک پانچ لاکھ 39 ہزار 698 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں سے پانچ لاکھ 24 ہزار 765 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے، جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔‘