جازان میں عید ملن تقریب میں شریک 80 افراد گرفتار
ہفتہ 24 جولائی 2021 10:18
’سماجی تقریبات اور تہواروں میں طے شدہ تعداد سے زیادہ افراد کا ایک جگہ جمع ہونا خلاف ورزی ہے‘ (فوٹو: سبق)
احد المسارحہ پولیس نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عید ملن منعقد کرنے والے 80 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جازان ریجن پولیس کے ترجمان میجر نایف حکمی نے کہا ہے کہ ’مذکورہ افراد نے وزارت داخلہ اور وزارت صحت کے ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے۔‘
’عید ملن تقریب میں طے شدہ تعداد سے زیادہ افراد ایک جگہ جمع ہوگئے جن کے بارے میں اطلاع ملتے ہی کارروائی کی گئی۔‘
’مقامی پولیس نے فوری طور پر جائے اجتماع کا گھیراؤ کیا اور وہاں موجود ہر شخص پر ضابطے کے مطابق جرمانہ عائد کیا ہے۔‘
ترجمان نے بتایا ہے کہ ’اجتماع کے لیے بلانے والے شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، اس پر حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔‘
ترجمان نے کہا ہے کہ ’سماجی تقریبات اور تہواروں میں طے شدہ تعداد سے زیادہ افراد کا ایک جگہ جمع ہونا خلاف ورزی ہے۔‘
’شہری و غیر ملکی اس طرح کی تقریبات میں شرکت نہ کریں تاکہ جرمانہ اور سزا سے بچ سکیں۔‘