کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی، ریاض اور مکہ ریجن سے 373 افراد گرفتار
اتوار 11 جولائی 2021 5:33
خلاف ورزی کے مرتکب افراد میں بیرون ملک سے آنے والے شامل تھے۔ ( فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں کورونا آئسولیشن کے قانون کی خلاف ورزی پر ریاض اور مکہ ریجن میں 373 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ریاض ریجن کے پولیس ترجمان میجر خالد الکریدیس نے بتایا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے آئسولیشن قانون کی پابندی نہ کرنے پر 305 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
’جن افراد کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے حراست میں لیا ہے وہ کورونا وائرس کے متاثرین ہیں انہیں وزارت صحت کی جانب سے سختی سے ہدایت کی گئی تھی کہ وہ آئسولیشن کی پابندی کریں اور عوامی مقامات پر نہ جائیں۔‘
خلاف ورزی کے مرتکب ہونے والوں میں بیرون ملک سے آنے والے شامل تھے جنہیں مختلف مقامات سے حراست میں لیا گیا ہے۔
دریں اثنا مکہ ریجن کے پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ریجن میں کورونا آئسولیشن ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر 68 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
’ضوابط کی خلاف ورزی پر تمام افراد پر قانون شکنی کی دفعہ لگا کر ان کا کیس پراسیکیوشن کو ارسال کر دیا گیا ہے جہاں ان پر مقررہ سزاؤں کا نفاذ کیا جائے گا۔‘