گاڑیاں اور موبائل چوری کےالزام میں دوشہری گرفتار
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا(فوٹو، ٹوئٹر)
مکہ مکرمہ ریجن کے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ کرائم کنٹرول یونٹ نے چوری کی وارداتوں میں ملوث دوسعودی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے ریجنل پولیس ترجمان کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ ملزمان میں ایک کی عمر 30 جبکہ دوسرے کی پچاس برس کے قریب ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان نے 3 گاڑیاں اور174 موبائل فونز چرائے تھے۔ مسروقہ گاڑیاں اسٹارٹ حالت میں کھڑی تھیں جن کے مالکان گاڑی کو اسٹارٹ چھوڑ کر دکان سے ضروری اشیا لینے گئے تھے ۔
ریجنل ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کے قبضےسے 3 آتشی ہتھیار بھی برآمد ہوئے ۔ پولیس نے ان کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرکے متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا ہے جہاں ان سے مزید تفتیش کرنے کے بعد کیس عدالت میں بھجوایا جائے گا۔
واضح رہے ٹریفک پولیس کے قانون کے مطابق گاڑی کو اسٹارٹ حالت میں چھوڑ کرجانا بھی خلاف ورزی میں شمار کیاجاتا ہے ۔