Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعرات ، 12 جون ، 2025 | Thursday , June   12, 2025
جمعرات ، 12 جون ، 2025 | Thursday , June   12, 2025

عمر اکمل کا ایک اور تنازع، چار افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی

ملزمان کا کہنا ہے کہ آٹو گراف اور سیلفی کے لیے کہا تو عمراکمل نے  گالم گلوچ شروع کر دی۔‘(فوٹو: اے ایف پی)
لاہور پولیس کے مطابق پاکستانی کرکٹر عمر اکمل نے اپنے گھر آنے والے چار افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی۔
سنیچر کو لاہور کے تھانہ ڈیفنس بی میں درج ہونے والی ایف آئی آر میں عمر اکمل نے موقف اختیار کیا کہ ’شیخ علی تین نامعلوم مسلح افراد کے ساتھ میرے ڈیفنس میں واقع گھر میں داخل ہوا اور ان لوگوں نے میرے گھر والوں کو اور مجھے تشدد کا نشانہ بنایا۔‘
ایف آئی آر کے مطابق یہ افراد اسلام آباد کے رجسٹریشن نمبر والی ایک گاڑی میں آئے تھے اور ’وہ نشے میں دھت تھے۔‘ 
دوسری جانب ملزمان کا کہنا ہے کہ ’وہ عمر اکمل کے پڑوسی کے گھر آئے تھے، جب انہوں نے آٹو گراف اور سیلفی کے لیے کہا تو عمر اکمل نے  گالم گلوچ شروع کر دی۔‘
بعد ازاں ان چار افراد شیخ حسام، اویس ، علی اور اسلم نے عمر اکمل کے خلاف تھانے میں درخواست جمع کرا دی اور اس میں الزام عائد کیا کہ عمر اکمل نے اپنے ملازمین کے ساتھ مل کرانہیں تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
خیال رہے کہ دو دن قبل عمراکمل کی جانب سے ایک ویڈیو جاری کی گئی تھی جس میں وہ پی سی بی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر معافی مانگ رہے تھے۔
اس معافی نامے کے بعد کرکٹ کے شائقین یہ توقع کر رہے ہیں کہ عمر اکمل جلد دوبارہ ایکشن میں ہوں لیکن عمر اکمل ابھی تک تنازعات میں گھرے ہوئے ہیں۔ 

شیئر: