پاکستان میں مقبول کرکٹر ڈیرن سیمی لاہور میں سفر کے دوران ایک جگہ نوجوانوں کو کرکٹ کھیلتا دیکھ کر رک نہ سکے اور گاڑی سے اتر کر ٹیپ بال کرکٹ سے محظوظ ہوئے۔
کہیں ٹیپ بال اور کہیں ٹینس بال کرکٹ کہلانے والے کھیل کے دوران ڈیرن سیمی کی مختصر ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا ٹائم لائنز پر آئیں۔ کرکٹ شائقین اور انٹرنیٹ یوزرز نے ان مناظر پر کہیں خوشگوار حیرت کا اظہار کیا تو کہیں ان پر ہونے والے تبصروں سے واضح تھا کہ بیٹنگ کے دوران ویسٹ انڈین کرکٹر کا انداز بھی شائقین کی بھرپور توجہ کا مرکز رہا ہے۔
ٹیپ بال سے کرکٹ کھیلتے ہوئے ڈیرن سیمی نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا تو جو شاٹس نہیں کھیلی جا سکیں ان پر وائیڈ اور نو بالز قرار دینے کے لیے امپائرنگ بھی خود ہی کی۔
The tourist @darensammy88 & tape ball cricket with fans. @JAfridi10 pic.twitter.com/erqG9q8XYD
— Ihtisham Ul Haq (@iihtishamm) March 8, 2021
بیک وقت بیٹنگ اور امپائرنگ کرنے کا انداز سوشل میڈیا صارفین کو منفرد لگا تو کسی نے ان کے سٹائل پر تبصرہ کیا اور کوئی ان کی اس عادت کو پاکستانیوں جیسا قرار دیتا رہا۔

ٹیپ بال کرکٹ سے جڑی یادیں تازہ ہوئیں تو مختلف صارفین ڈیرن سیمی کو آؤٹ ہونے کے باوجود وکٹ بچانے اور کھیل جاری رکھنے یا سب کا کھیل خراب کرنے کے گر بتاتے رہے۔

ڈیرن سیمی اپنے دلچسپ انداز کی وجہ سے شائقین کرکٹ کی بھرپور توجہ سمیٹنے میں کامیاب رہے تو کسی نے انہیں ’فنٹاسٹک لالہ‘ کا خطاب دیا اور کوئی ’ڈیرن لالہ سیمی‘ پکارتا رہا۔

کرکٹ شائقین نے ڈیرن سیمی کی ویڈیو کو پاکستان میں کرکٹ دوست ماحول کا نتیجہ قرار دیا تو لکھا ’یہ ویڈیو انہیں دکھائی جائے جو سمجھتے ہیں کہ پاکستان محفوظ ملک نہیں ہے‘۔

ڈیرن سیمی نے ٹیب بال بال کرکٹ کھیلتے ہوئے اپنی کچھ تصاویر شیئر کیں تو فینز سے یہ بھی پوچھا کہ لاہور تو ہو گیا اب آئندہ کہاں؟

ویسٹ انڈین کرکٹر شرفین ردرفوڈ نے ڈیرن سیمی کی ٹیپ بال کرکٹ کھیلتے ہوئے جارحانہ شاٹس کو پسند کیا تو لکھا ’کرکٹ کا شوق کبھی ختم نہیں ہوتا‘ جس پر ڈیرن سیمی نے انہیں جواب دیتے ہوئے لکھا ’ٓپ تو طریقہ کار سے واقف ہیں‘۔









