سیکیورٹی اہلکاروں کے خلاف بدکلامی کی وڈیو جاری کرنے پر گرفتاری
جمعرات 25 فروری 2021 23:28
مقامی شہری بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی سے سفر کررہا تھا- (فوٹو العربیہ)
مشرقی ریجن کی پولیس نے سیکیورٹی اہلکاروں کے خلاف بدکلامی والی وڈیو سوشل میڈیا پر جاری کرنے والے مقامی شہری کو گرفتار کرلیا- وڈیو حفر الباطن، النعیریہ روڈ پر سفر کرتے ہوئے بنائی تھی-
اخبار 24 کے مطابق الشرقیہ پولیس کےترجمان نے بتایا کہ مقامی شہری بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی سے سفر کررہا تھا- روڈ سیکیورٹی فورس نے ایسا کرنے پر اس کا چالان کردیا تھا- یہ بات اسے بے حد بری لگی تھی- اس نے طیش میں آکر پہلی فرصت میں وڈیو بنائی جس میں پولیس کے خلاف دل کی بھڑاس نکالتے ہوئے یہ کہتے سنا گیا کہ ’اب اس طرح کے لوگ ہمیں پکڑیں گے‘- اس نے وڈیو سوشل میڈیا پر ڈال دی تھی-
پولیس نے بتایا کہ مقامی شہری عمر کے تیسرے عشرے میں ہے اسے گرفتار کرکے قانون نافذ کرنے کے لیے کارروائی شروع کردی گئی-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں