کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بیٹنگ لڑکھڑائی تو شائقین کرکٹ کو امید تھی کہ میچ کے دوسرے روز فواد عالم اور اظہر علی اسے سنبھال لیں گے، اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلتے ہوئے فواد عالم نے شائقین کی یہ توقع اس وقت پوری کر دی جب انہوں نے مشکل وقت میں سنچری بنائی۔
Brilliant by Fawad Alam under pressure!
Test cricket at best.#PAKvsSA #fawadalam pic.twitter.com/eKBKHEhH7k— SHAZAL RANA (@shazal_rana1) January 27, 2021
ایک اونچے شاٹ کے ذریعے گیند کو باؤنڈری کا راستہ دکھا کر سنچری مکمل کرنے والے فواد عالم کے 100 رنز پورے ہوئے تو میچ کے دوسرے روز صبح سے ہی ان کی بیٹنگ کے انداز کی تعریف کرتے سوشل میڈیا نے دل کھول کر انہیں سراہا۔

جنوبی افریقہ کے خلاف جاری کرکٹ میچ اور اپنے نام پر ہونے والی بحث کی وجہ سے ٹرینڈز لسٹ کا حصہ بن جانے والے فواد عالم کی سنچری اننگز پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے ان کے ہوم گراؤنڈ کا ذکر کیا تو لکھا کہ ’یہ میرا گراؤنڈ ہے، اور میں ہوں یہاں کا جے کانت شکرے‘۔
فواد عالم نے چھکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی تو اسی دوران سوشل میڈیا پر انہیں سراہنے والوں نے دل کھول کر ان کے کھیل اور کارکردگی کی تعریف کی، کچھ صارفین موقعے کا فائدہ اٹھا کر ان سلیکٹرز پر تنقید بھی کر گئے جو خاصا عرصہ انہیں قومی ٹیم میں نہیں لائے۔

گذشتہ کچھ عرصے میں قومی کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی کی وجہ سے تنقید کا شکار رہنے والے ہیڈ کوچ اور سابق چیف سلیکٹر مصباح الحق بھی فواد عالم کی سنچری کی وجہ سے گفتگو کا موضوع بنے، البتہ ماضی کی طرح تنقید کے بجائے اس مرتبہ یہ کہہ کر ان کی تعریف کی گئی کہ وہ فواد عالم کو طویل عرصے بعد قومی ٹیم میں واپس لائے ہیں۔

رواں ماہ جنوری کے شروع میں فواد عالم پی سی بی کی جانب سے سال کی بہترین انفرادی کارکردگی پر کرکٹ بورڈ سے ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں۔ یہ ایوارڈ انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں سنچری کرنے پر دیا گیا تھا۔









