Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعہ ، 04 جولائی ، 2025 | Friday , July   04, 2025
جمعہ ، 04 جولائی ، 2025 | Friday , July   04, 2025

پنجاب میں فنکاروں کے لیے کلچر پالیسی میں کیا ہو گا؟

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے گلوکار شوکت علی کو حکومت کی جانب سے چیک پیش کیا (فوٹو: فیس بک)
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت سرکاری سطح پر کلچر پالیسی متعارف کرانے جا رہی ہے۔ 
جمعے کو ملتان میں گلوکار شوکت علی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فرودس عاشق اعوان نے کہا کہ فنکاروں کے لیے حکومت کی جانب سے یہ پہلی پالیسی ہو گی۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے فنکاروں کو ہیلتھ کارڈ کے اجرا کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
’حکومت پنجاب عمر رسیدہ فنکاروں کی ذمہ داری اٹھانے جا رہی ہے اور سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے ذریعے فنکاروں کی رجسٹریشن کریں گے۔‘
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے حکومت کی جانب سے چیک گلوکار شوکت علی کو پیش کیا جو کہ علیل ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بائیو میٹرک کے ذریعے تصدیق شدہ فنکاروں کو ان کا حق پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے اندر بسنے والا فنکاروں جو کام کے مواقع کم ہونے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں، ان کے لیے حکومت نے ریلیف فنڈ بنا دیا ہے۔
’کورونا کی وجہ سے متاثرہ فنکاروں کو حکومت نے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے ذریعے ریلیف پیکج دیا ہے۔ 1500 فنکار پنجاب بھر میں ایسے ہیں جن کو اس فنڈ کے ذریعے ماہانہ پانچ ہزار وظیفہ دے رہے ہیں۔‘
خیال رہے کہ پاکستان میں دنیائے فن کا حصہ رہنے والے متعدد افراد ماضی میں بیروزگاری یا دیگر مسائل کی وجہ سے خراب معاشی حالات کا شکار رہے ہیں۔ ایسے فنکاروں کے کیسز بھی سامنے آئے جواپنے عروج کے دور میں  قہقہے بکھیرتے رہے تاہم بعد میں  معاشی ابتری کی وجہ سے مالی اور طبی پریشانیوں کا شکار رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں متاثرہ فنکاروں کی مدد سپورٹ فنڈ سے کی گئی (فوٹو: ریڈیو پاکستان)

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ فنکاروں کی مدد کے لیے پہلے ایسا میکنزم نہیں تھا، حکومت نے صاف شفاف طریقے سے ان کو حق دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اب تک سولہ سو فنکاروں کو ریلیف پیکج دے چکی ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے مطابق پہلے دہشت گردی کے وجہ سے فنکار گھروں تک محدود ہوئے اور اب کورونا نے ان کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت فنکاروں کی مشکلات سے آگاہ ہے اور ان کی مدد بھی کر رہی ہے۔
کورونا کی وبا کی وجہ سے پاکستان کے اداکار متاثر ہوئے تھے اور انہوں نے حکومت سے مدد کی اپیل کی تھی۔

شیئر: