سعودی عرب: صحتیابی کے بعد کوئی شخص کورونا میں مبتلا نہیں ہوا
سعودی عرب: صحتیابی کے بعد کوئی شخص کورونا میں مبتلا نہیں ہوا
جمعہ 26 جون 2020 9:29
کورونا سے حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا لازمی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے کہا ہے کہ مملکت میں ابھی تک کورونا سے صحتیاب ہونے کے بعد دوبارہ اس مرض میں مبتلا ہونے کا کوئی کیس نہیں آیا۔
سعودی عرب سمیت عالمی سطح پر اس حوالے سے ماہرین مسلسل ریسرچ کر رہے ہیں جس میں کووڈ 19 کے خلاف قوت مدافعت کا جائزہ لیا جا رہا ہے اس لیے ابھی تک کوئی بات حتمی طور پر کہنا قبل از وقت ہو گا۔
ماہرین مرض سے صحتیابی کے بعد جسم کی قوت مدافعت پر تحقیق کررہے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
کورونا کے حوالے سے منعقدہ یومیہ پریس کانفرنس میں مقامی ویب نیوز ’سبق‘ کی جانب سے پوچھا گیا تھا کہ وبائی مرض کورونا سے صحیات ہونے کے بعد دوبارہ کوئی اس مرض میں مبتلا ہوا؟
سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان صحت کا کہنا تھا کہ ’جہاں تک سعودی عرب کا تعلق ہے تو ہم دعوے سے کہہ سکتے ہیں ابھی تک کوئی ایسا کیس نہیں آیا جو کووڈ 19 کا مریض ہو اور صحتیاب ہونے کے بعد دوبارہ اس میں مبتلا ہو گیا ہو۔‘
ڈاکٹر العبدالعالی کا مزید کہنا تھا کہ وزارت صحت اور دیگر ادارے اس حوالے سے انتہائی باریک بینی سے مریضوں کی ہسٹری کا جائزہ لیتے ہیں اور وزارت کے مرکزی کنٹرول روم میں تمام مریضوں کا ڈیٹا موجود ہے جسے دیکھ کرہمیں اس حوالے سے اطمینان ہے کہ ابھی تک صحتیابی کے بعد دوبارہ کوئی مریض کووڈ 19 میں مبتلا نہیں پایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں کووڈ 19 کے حوالے سے تحقیق جاری ہے تاہم اس بارے میں یقینی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا جب تک ٹھوس تحقیق کے نتائج سامنے نہیں آجاتے جن پر تمام ماہرین متفق ہوں۔
ترجمان صحت نے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے کہا کہ یہ انتہائی اہم ہے کہ ہر شخص کورونا سے بچاو کےلیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرے تاکہ اس وبائی مرض سے محفوظ رہا جاسکے۔