Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

فٹبالر میسی کی سالگرہ منانے پر جرمانہ

میسی کی سالگرہ منانے والے 15 افراد کو جرمانہ کیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
دنیا میں کورونا کی وجہ سے کھیلوں کے میدان ویران ہیں لیکن اب شائقین کو گراؤنڈ سے باہر بھی اپنے سٹارز کی سالگرہ منانے میں نہ صرف مشکل پڑ گئی بلکہ جرمانے کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
بنگلہ دیش میں لاک ڈاؤن کے دوران ارجنٹائن کے معروف فٹبالر لیونل میسی کی سالگرہ منانے پر 15 افراد کو جرمانہ کیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق انڈیا کی سرحد سے متصل بنگلہ دیشی شہر  دامور ہودا میں 17 سے 32 سال کی عمر کے پندرہ افراد میسی کی 33ویں سالگرہ کے موقع پر کیک اور کافی سے لطف اندورز ہو رہے تھے کہ علاقے کے میجسٹریٹس نے اہلکاروں کے ساتھ کیفے پر چھاپہ مار کر ان کو گرفتار کر لیا۔
یہ واقعہ بدھ کے دن پیش  آیا اور میجسٹریٹ فراز حسین کے مطابق ان افراد کو  موبائل کورٹ میں پیش کیا گیا اور ہر ایک کو سو ٹکا جبکہ کیفے کو ستر ڈالر جرمانہ کیا گیا۔
فراز حسین نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’انھوں نے سماجی فاصلہ رکھنے کی خلاف ورزی کی اور شام میں باہر نکل گئے۔ انھوں نے لاک ڈاؤن کے حوالے سے ہمارے احکامات کی خلاف ورزی کی۔‘
خیال رہے کہ کہ بنگلہ دیش میں فٹبال کو بہت پسند کیا جاتا ہے اور لیونل میسی شائقین میں کافی مقبول ہیں۔

کیفے کے مالک کا کہنا تھا 'میں انہیں گھر نہیں بھیج سکتا تھا کیونکہ وہ بہت پرجوش تھے' (فائل فوٹو: اے ایف پی)

سالگرہ کی دعوت اولڈ ٹاؤن کیفے میں منائی جا رہی تھی جس کے مالک زاہدالعالم نے جرمانے کے باوجود فٹبال کے شائقین کے لیے ہمددری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’وہ انھیں گھر نہیں بھیج سکتا تھا کیونکہ وہ میسی کی سالگرہ پر کافی پرجوش تھے۔‘
بنگلہ دیش میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد مارچ میں لاک ڈاؤن شروع کیا گیا تھا جس کو اب آہستہ آہستہ نرم کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق ملک میں کورونا کے ایک لاکھ بائیس ہزار کیسز سامنے آئے ہیں جن میں 1582 ہلاکتیں ہوئی ہیں تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز کی تعداد اس سے کافی زیادہ ہے۔

شیئر: