Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعرات ، 11 ستمبر ، 2025 | Thursday , September   11, 2025
جمعرات ، 11 ستمبر ، 2025 | Thursday , September   11, 2025

پی ایس ایل کی ری شیڈولنگ، کوئی افسردہ تو کوئی مطمئن

پاکستان سپر لیگ کے سیمی فائنل مرحلے کے میچز ختم کیے گئے ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
کورونا وائرس سے پیداشدہ صورتحال میں پاکستان سپر لیگ کی ری شیڈولنگ کے اقدام کو سوشل میڈیا صارفین کی اکثریت نے سراہا تاہم کچھ ایسے بھی ہیں جو اپنی افسردگی کا اظہار کیے بغیر نہ رہ سکے۔
جمعہ کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ پی ایس ایل کے پلے آف میچز کو سیمی فائنل کا درجہ دے دیا گیا ہے جس کے بعد ٹورنامنٹ کا فائنل 22 کے بجائے 18 مارچ کو منعقد کیا جائے گا۔
اس سے قبل پی سی بی سپر لیگ میں شامل غیر ملکی اور ملکی کھلاڑیوں کو اجازت دے چکا تھا کہ اگر وہ چاہیں تو ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو سکتے ہیں۔
پی ایس ایل کی ری شیڈولنگ کے اعلان کے بعد ایسے سوشل میڈیا صارفین بھی سامنے آئے جو فیصلے پر افسردگی ظاہر کرتے رہے۔ علینہ نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا میں افسردہ ہوں کہ میچز ری شیڈول اور کم ہو گئے، اتنا ہی نہیں ہر ایک صرف ٹیلی ویژن پر ہی میچز دیکھ سکتا ہے۔ اس کے باوجود کرکٹ کی واپسی کا مزہ برقرار ہے۔ اب وقت ہے کہ آرام سے بیٹھ کر ٹی وی پر پی ایس ایل دیکھا جائے۔

ری شیڈولنگ پر افسردگی ظاہر کرنے والوں کو تسلی دینے والے صارفین بھی خاصی تعداد میں فعال رہے۔ فہیل ظفر نامی ہینڈل نے لکھا کہ انگلینڈ کا دورہ سری لنکا کینسل، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ میچ بغیر تماشائیوں کے، انڈین پریمیئر لیگ کینسل کر دی گئی ہیں۔ ساتھ ہی پی ایس ایل بھی ری شیڈول کر دی گئی ہیں۔

ٹیلی ویژن میزبان غریدہ فاروقی نے پی ایس ایل کو ختم کرنے کے بجائے محدود کرنے کے فیصلے پر ناپسندیدگی ظاہر کی۔ انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ’اگر 23 مارچ پریڈ اگر منسوخ ہو سکتی ہے تو PSL بند/موخر کرنے میں کونسا ایسا امر مانع تھا ؟؟ PCB کو ذمہ دارانہ اور عقلمندانہ فیصلہ کرنا چاہیے تھا۔ ابھی بھی فیصلہ کر سکتے ہیں۔

پی ایس ایل کی بندش یا موخر کرنے کی تجویز کرکٹ شائقین کو پسند نہیں آئی۔ ذوہیب احمد نامی صارف نے لکھا ’بس کر دو، پی ایف ایل پہلے ہی محدود اور ری شیڈول ہو چکی ہے۔ ساری دنیا آپ کی بات مانے بس؟

کورونا سے متعلق صورتحال کے تناظر میں سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد اس فیصلے کو سراہتی بھی رہی۔ ثمرینہ نامی صارف نے لکھا کہ ’پی سی بی کی جانب سے میچز ری شیڈول کرنا عقلمندانہ فیصلہ ہے۔ پوری لیگ معطل کرنا اچھا نہیں ہوتا، یہ ضروری فیصلہ تھا۔

جمعہ کے روز حکومت پاکستان کی جانب سے کورونا وائرس کے پیش نظر متعدد اقدامات کا اعلان کیا تھا۔ ان میں بین الاقوامی پروازیں تین ہوائی اڈوں تک محدود، مغربی سرحد بند، 23 مارچ کی پریڈ منسوخ اور تعلیمی ادارے پانچ اپریل تک بند رکھنا شامل ہے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: