رواں سال مارچ میں پاکستان سے رہائی پانے والے انڈین پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن نے انڈین ائیر چیف مارشل کے ساتھ پٹھان کوٹ میں روسی جنگی طیارے مگ 21 کی پرواز بھری ہے۔
انڈین ائیر چیف مارشل بی ایس دھنوا کے ساتھ ونگ کمانڈر ابھینندن کی اس تربیتی پرواز کا دورانیہ 30 منٹ تھا۔
انڈین چینل این ڈی ٹی کے مطابق پیر کو انڈین ائیر چیف اور ونگ کمانڈر نے پٹھان کوٹ ائیر فورس بیس پر امریکی ساختہ جنگی ہیلی کاپٹروں کی تعارفی تقریب کے بعد طیارہ اڑایا۔
خیال رہے کہ گذشتہ مہینے تمام طبی معائینوں کے بعد ونگ کمانڈر ابھینندن کو ڈاکٹروں کی جانب سے کلئیر کر دیا گیا تھا۔
ابھینندن کی کئی ماہ بعد اس پہلی پرواز کی خبر اور تصویریں سوشل میڈیا پر آتے ہی وائرل ہو گئی ہیں اور ناصرف انڈین بلکہ پاکستانی صارفین بھی پائلٹ کی واپسی کے حوالے سے مختلف انداز میں تبصرے کر رہے ہیں۔

ابھینندن کی تصویریں دیکھ کر زیادہ تر صارفین یہ سوال پوچھ رہے ہیں کہ ’آپ کی مشہور زمانہ مونچھیں کہاں گئیں؟‘
ٹویٹر پر دیپک نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’مجھے ابھینندن کی کٹی ہوئی مونچھیں دیکھ کر افسوس ہوا۔‘
آوارہ پن نام کے ایک ٹویٹر ہینڈل نے لکھا ’ویلکم بیک ہیرو۔ مونچھوں کا انداز بدل گیا مگر اعتماد وہی ہے۔‘












