انڈیا سے تعلق رکھنے والی معروف مصنفہ ارون دھتی رائے نے کشمیر اور دیگر علاقوں میں انڈین آرمی کی مقامی اقلیتوں کے خلاف کارروائی پر تنقید کی ہے جس کے بعد ان کے خلاف سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چلایا جا رہا ہے۔
ٹوئٹر پر انڈین صارف شما محمد نے ارون دھتی رائے کی ڈیڑھ منٹ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ پہلے رائے کی عزت کرتی تھیں مگر اب نہیں کریں گی۔ ’نہ صرف یہ کہ ارون دھتی نے انڈیا کی توہین کی بلکہ پاکستان کی فوج کی تعریف بھی کی ہے۔‘
واضح رہے کہ ویڈیو میں ارون دھتی رائے نے انڈیا کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کا اپنے شہریوں کے ساتھ سلوک وہی ہے جو نوآبادیاتی دور کے حکمرانوں کا تھا۔
رائے نے کہا کہ ’انڈیا میں فوج اپنے شہریوں کے خلاف استعمال کی جا رہی ہے اور وہ بھی اقلیتوں کے خلاف، جیسے کہ کشمیر میں مسلمانوں، پنجاب میں سکھوں اور ناگا لینڈ میں قبائل کے خلاف فوج کشی کی گئی۔‘
Shame on Arundhati Roy! I used to have huge respect for her, but not anymore! Not only is she insulting my India, she is praising the Pakistani army which, apart from directly supporting terrorism in India, also killed 3 million of its own people during the 1971 Bangladeshi war! pic.twitter.com/Xx794FmC1M
— Shama Mohamed (@drshamamohd) August 26, 2019
ارون دھتی رائے کو اس تقریر پر پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کا ایجنٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
میرا سنگھ نامی ٹوئٹر ہینڈل سے ویڈیو پوسٹ کر کے لکھا گیا ہے کہ ’زبردست، ارون دھتی رائے، پاکستان کی فوج اور آئی ایس آئی کی تعریف کر رہی ہیں اور ان ہی کا لکھا ہوا سکرپٹ پڑھ رہی ہیں۔‘

سنگیتا نامی ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا ہے کہ ’آپ ارون دھتی رائے کی کہی باتوں سے نفرت کر سکتے ہیں اور اس کے خلاف مہم چلا سکتے ہیں مگر وہ وہی کہہ رہی ہیں جو حقیقت ہے۔ سچ کو جھٹلایا نہیں جا سکتا۔‘
امریکہ میں مقیم وکیل اور لکھاری عائشہ اعجاز خان نے ٹویٹ کیا ہے کہ وہ ارون دھتی رائے کی بہت زیادہ عزت کرتی ہیں اور اس کی وجہ ان کا انڈین ریاست پر تنقید اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بے لاگ بولنا ہے۔
عائشہ اعجاز خان نے لکھا ہے کہ ’میں کوئی دہرا معیار نہیں رکھتی اور پاکستان کی ریاست کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بولنے والوں کی بھی عزت کرتی ہوں۔‘

مصنفہ اور بلاگر پریا فلورنس شاہ نے اپنی طنزیہ ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’ہمیشہ سے کہتی رہی ہوں کہ ارون دھتی رائے بہت کمال فکشن لکھتی ہیں۔ اس میں سے جو آپ کو پسند ہو وہ لے لیں۔‘
راما لکشمی نامی ٹوئٹر ہینڈل سے ارون دھتی رائے کے ناقدین کو مخاطب کر کے لکھا گیا ہے کہ ’ایک دہائی قبل کی ویڈیو شیئر کرکے تنقید کرنے والے ان کی کتاب بھی پڑھ لیں جس میں انہوں نے پاکستان کی فوج پر تنقید کی ہے۔‘









