کرکٹ کے حریف پاکستان اور انڈیا کے سابق ستارے سوشل میڈیا پر انڈیا کی جانب سے کشمیر کی خودمختار حیثیت ختم کرنے پر منگل کو ایک دوسرے کے ساتھ گرما گرم بحث میں الجھے نظر آئے۔
پاکستان کے کرکٹر شاہد آفریدی نے اقوام متحدہ کو کشمیریوں کے حقوق کے حوالے سے متوجہ کرنے کے لیے ٹویٹ کیا۔
’کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرار داد کے تحت اپنے حقوق ملنے چاہئیں، جیسے آزادی کے حقوق ہم سب کے پاس ہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا، ’اقوام متحدہ کیوں بنا تھا اور اب کیوں سو رہا ہے؟ کشمیر میں ہونے والی انسانیت کے خلاف بلا اشتعال جارحیت پر کاروائی ہونی چاہیے۔‘
Kashmiris must be given their due rights as per #UN resolution. The rights of Freedom like all of us. Why was @UN created & why is it sleeping? The unprovoked aggression & crimes being committed in Kashmir against #Humanity must be noted. The @POTUS must play his role to mediate
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) August 5, 2019
واضح رہے کہ شاہد آفریدی نے 398 ایک روزہ میچز کھیلنے کے بعد گذشتہ سال کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ وہ سوشل میڈیا پر اپنے سیاسی نظریات کو لے کر خاصے سرگرم نظر آتے ہیں۔
اس کے جواب میں انڈیا کے کرکٹر گوتم گمبھیر نے لکھا کہ جنگی جرائم اور بلا اشتعال جارحیت ہو تو رہی ہے لیکن ’پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں‘۔
’شاہد آفریدی بلکل ٹھیک کہہ رہے ہیں کہ انسانیت کے خلاف بلا اشتعال جارحیت ہورہی ہے۔ اس بات پر آواز اٹھانے کے لیے ان کو داد دینی چاہیے لیکن وہ یہ بتانا بھول گئے ہیں کہ یہ سب پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہو رہا ہے۔‘









