افریقی، سعودی پر حملہ کرکے فرار
جمعرات 17 جنوری 2019 3:00
جازان ۔۔۔ نامعلوم مسلح افریقی نے فیفا کے الغمیرہ محلے میں ایک سعودی شہری کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ سعودی کو اسپتال میں داخل کردیا گیا۔ زخمی کے بھائی سلیمان الفیفی نے بتایا کہ اس کا بھائی یحییٰ الفیفی عصر کی نماز ادا کرکے اپنی والدہ کے گھر گیا تھا۔ وہاں سے وہ ڈیوٹی پر جارہا تھا۔اچانک ایک افریقی نے اسے فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ اس سے قبل کی تفصیل یہ ہے کہ یحییٰ الفیفی کو ایک شخص سڑک کے کنارے کھڑا ہوا نظرآیا تھا اور وہ لحاف اوڑھے ہوئے تھا۔ یحییٰ نے اس سے عصر کے وقت لحاف اوڑھنے کا سبب دریافت کیا تو کہنے لگا کہ موسم سرد ہے اور میں بیمار ہوں۔ اسکے پاس بڑی سرچ لائٹ بھی تھی۔ یحییٰ کو شبہ ہوا۔ اس نے اس کی تلاشی لینا چاہی ۔ افریقی نے خطرہ بھانپ کر یحییٰ الفیفی پر کلاشنکوف سے حملہ کیا اور فرار ہوگیا۔ پولیس حملہ آور کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔