سعودی وزیر اسلامی امور سے سینیٹر ساجد میر کی ملاقات
پاکستان اور سعودی عرب کے علماءکے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال
ریاض ( ذکاءاللہ محسن ) سعودی وزیرشیخ عبداللطیف آل الشیخ سے اتوار کو مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر اور سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے ہمراہ وفد کے ساتھ ملاقات کی ۔ آل الشیخ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے علماءکے درمیان تعلیمی ، دعوتی اور اصلاحی جدوجہد کیلئے روابط کو مزید مستحکم کیا جائیگا۔انہوں نے مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کی عظیم دینی و سیاسی خدمات اور دفاع حرمین شریفین کےلئے ان کی جدوجہد کو قابل ستائش قرار دیا۔ سینیٹر ساجد میر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے علماء کے مابین تعلقات نظریاتی اور باہمی اعتماد اور تعاون پر مشتمل ہیں۔ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں سچی دوستی کا ثبوت دیا اور حال ہی میں جب پاکستان اقتصادی مسائل کا شکار رہا تو سب سے پہلے سعودی عرب نے پاکستان کو تعاون فراہم کیا ، جس پر ہم شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔سعودی حکومت عالم اسلام کیلئے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ وفد میں مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امور خارجہ کے مدیر عبدالمالک مجاہد اور احسان اللہ ساجد بھی شریک تھے۔