اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت سے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا افسر لاپتا ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ایاز تھانہ آبپارہ کے علاقے سے لاپتا ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ایاز گزشتہ روز ڈھائی بجے دفتر سے نکلے اور اس کے بعد سے ان کا کچھ علم نہیں اور وہ لاپتا ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ایاز کے پی اے نے پولیس کو واقعے سے آگاہ کردیا ہے۔ علاوہ ازیں تمام سیکورٹی اداروں کو بھی واقعے سے متعلق بتا دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس کے مطابق ایاز خان کا تعلق محسود قبیلے سے ہے جو کہ سی ڈی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بھی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ اسلام آباد سے انہیں ویسے ہی اغوا کیا گیا ہے جیسے ایس پی طاہر داوڑ کو کیا گیا تھا۔ گھر والوں نے ان کے اغوا ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔
واضح رہے کہ 26 اکتوبر کو پشاور پولیس کے ایس پی طاہر خان داوڑ کو اسلام آباد سے اغوا کیا گیا اور اس کے چند روز بعد ان کی لاش افغانستان سے ملی۔