سابق چیف جسٹس کیلئے عالمی اعزاز کا اعلان
کراچی: سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس تصدق حسین جیلانی کو مذہبی رواداری اور صنعتی غیر جانبداری برتتے ہوئے انصاف کی فراہمی کیلئے حسن کارکردگی کے عالمی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیدر لینڈز کے انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فور جسٹس ایکسی لینس کی جانب سے جاری دستاویز میں جسٹس تصدق حسین جیلانی کی خدمات کو سراہا گیا ہے۔ ادارے نے 2013ءمیں پشاور چرچ حملے اور چترال میں اسماعیلی اور کیلاشی کمیونٹی کی جانوں کو لاحق خطرات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر نفرت انگیزرجحانات سے جمہوریت کو لاحق خطرات کے خلاف ان کی جدوجہد کو خصوصی طور پر سرا ہا ہے ۔ تصدق حسین جیلانی سپریم کورٹ کے 21 ویں چیف جسٹس تھے۔ 2013ءمیں انہوں نے افتخار محمد چوہدرکی ریٹائرمنٹ کے بعد یہ عہدہ سنبھالا تھا۔ نرم مزاج تصدق حسین جیلانی کو 7 اگست 1994ءمیں لاہور ہائی کورٹ کا جج اور جولائی 2004ءمیں سپریم کورٹ کا جج تعینات کیا گیا۔