ریاض ...سعودی ولیعہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزاد ہ محمد بن سلمان نے بدھ کو ترک صدر رجب طیب اردگان سے ٹیلیفون پر رابطہ قائم کیا ۔ انہوں نے سعودی شہری جمال خاشقجی کے معاملے کو سلجھانے کیلئے مطلوب اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔خاشقجی کی گتھی سلجھانے کیلئے مشترکہ جدوجہد کے طریقہ کار پر غور و خوص کیا گیا۔اس سے قبل شہزادہ محمد بن سلمان نے ریاض میں (صحرا کے ڈیوس )نامی کانفرنس کے موقع پر واضح کیا تھا کہ سعودی عرب جمال خاشقجی کی موت کے ذمہ دار تمام افراد کا احتساب کرے گا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ واقعہ تمام سعودی عوام کیلئے انتہا درجہ المناک ہے۔بھیانک ہے اس کا کوئی جواز نہیں ۔ سعودی عرب واقعہ کے ذمہ داروں کو سزا دینے کیلئے ترک حکومت کے ساتھ مل جل کر کام کریگا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب اور ترکی کے درمیان منفرد قسم کا تعاون پایا جاتا ہے ۔ بہت سارے لوگ ترکی اور سعودی عرب کے تعلقات میں دراڑ پیدا کرنے کیلئے المناک حالات سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے ان عناصر کو للکارتے ہوئے کہا کہ جب تک سعودی عرب کے فرمانرواں شاہ سلمان، ان کے ولیعہد محمد بن سلمان اور ترکی کے صدر رجب طیب اردگان موجود ہیں ۔ تب تک کوئی بھی طاقت دونوں ملکوں کے تعلقات میں دراڑ نہیں پیدا کر سکتی۔ ہم پوری دنیا پر یہ ثابت کر دیں گے کہ سعودی عرب اور ترکی کی حکومتیں خاشقجی سے متعلق چشم کشا حقائق پوری دنیا کے سامنے لاکر رہیں گے ۔