ریاض ..... سعودی شاہی فضائیہ نے یمن میں حوثی باغیوں کی جانب سے جازان کمشنری پر میزائل حملہ ناکام بناتے ہوئے بیلسٹک میزائل فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا ۔ سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ یمن کی کمشنری صعدہ سے ایران نواز حوثی ملیشیا نے جازان کی جانب بیلسٹک میزائل داغا جسے شاہی فضائیہ نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے ناکام بنا دیا ۔ سعودی فضائیہ نے اینٹی میزائل سسٹم کے ذریعے بروقت داغے جانے والے میزائل کی سمت اور اسکی رفتار کا اندازہ کر کے کارروائی کی جس سے میزائل کو فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا گیا ۔ میزائل کے ملبے سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔ عرب اتحادی فوج کے ترجما ن کرنل المالکی نے مزید بتایا کہ ایران نواز باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کی شہری آبادی کو دانستہ طور پر نشانہ بنانے کا عمل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی صریح خلاف ورزی ہے ۔ کرنل المالکی کا مزید کہنا تھا کہ اب تک ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر داغے جانے والے بیلسٹک میزائلوں کی تعداد 195ہو چکی ہے ۔