جدہ .... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ متعدی اور وبائی امراض سے پاک حج موسم پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔ اللہ کے فضل و کرم کی بدولت دنیا بھر سے آنے والے ضیوف الرحمن کو مطلوبہ سہولتیں اور خدمات فراہم کرنے میں کامیاب رہے جن کی بدولت انہوں نے اطمینان و سکون اور آرام و راحت کے ساتھ اسلام کا پانچواں رکن حج تسلی بخش شکل میں ادا کرلیا۔ ضیوف الرحمن کی خدمت کرنے والے سرکاری ، نجی ، شہری و عسکری تمام اداروں کے جملہ کارکنان ، گورنروں ، اعلیٰ حج کمیٹی کے سربراہ و ارکان کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے اعزاز کا حق ادا کرنے میں ادنی فروگذاشت سے کام نہیں لیا۔ وہ منگل کو جدہ کے قصر السلام میں اپنی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ شاہ سلمان نے اس موقع پر مصراور جمہوریہ کوٹ ڈیوار کے سربراہوں سے ملاقات کے نتائج سے بھی کابینہ کو آگاہ کیا۔ وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد العواد نے اجلاس کے بعد بتایا کہ کابینہ میں بین الاقوامی حالات حاضرہ پر کئی رپورٹیں پیش کی گئیں۔ اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ سعودی عرب نے شام کے شمال مشرقی علاقوں کو دہشتگرد تنظیم سے آزاد کرانے والے عالمی اتحاد کو 100 ملین ڈالر کی امداد پیش کی۔ کابینہ نے متعدد برادر اور دوست ممالک میں پیش آنے والے دہشتگردی کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کی او رانہیں تشدد ، دہشتگردی و انتہا پسندی سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے سلسلے میں اپنے تعاون او ریکجہتی کا اظہار کیا۔ جاں بحق ہونے والوں سے تعزیت و ہمدردی اور زخمیوں کے لئے فوری شفا کی آرزو ظاہر کی۔ کابینہ نے رواں مالی سال کے قومی بجٹ کی دوسری سہ ماہی سے متعلق کارکردگی رپورٹ پر مسرت کا اظہار کیا۔ کابینہ نے نئے تعلیمی سال کے موقع پر آرزو ظاہر کی کہ تمام طالبات و طلباء علوم و معارف کے حصول کے مشن میں سرخرو ہوں۔ کابینہ نے ریاستی املاک کے ادارے کو پبلک اتھارٹی برائے سرکاری املاک بنادیا۔ برطانیہ اور عراق کے ساتھ تیل ، گیس ، تعلیم اور سائنس کے شعبوں میںتعاون کے معاہدوں کا اختیار متعلقہ وزراءکو تفویض کیا۔