لاہور: اڈیالہ جیل کے ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز سے ملاقات پر کوئی پابندی نہیں، تاہم جیل میں 12 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود کسی بھی لیگی رہنما اور کارکنوں میں سے کوئی بھی اڈیالہ جیل میں ملاقات کے لیے نہیں آیا۔
دوسری جانب جیل قواعد کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو بی کیٹیگری الاٹ کی جائے گی، میاں نوازشریف کرسی میزسے لے کرروم کولر تک اپنے پیسوں سے خریدیں گے جب کہ میاں نوازشریف بیڈ، میٹرس، جائے نماز، وہیل چیئرسمیت دیگر سہولیات استعمال کرسکتے ہیں۔
جیل حکام کے مطابق جیل میں ائیرکنڈیشنڈ لگانے کی اجازت نہیں ہے ، نوازشریف کھانا بھی جیل کے اندر خود اپنا بنائیں گے۔
مریم نوازکوبی کیٹیگری الاٹ کرنے کے لیے چارنکاتی ایس او پی پرعمل کرنا ہو گا، مریم نواز اگرسالانہ 6 لا کھ روپے ٹیکس ادا کرتی ہیں تب ہی ان کو بی کیٹیگری الاٹ ہوسکتی ہے ، بی کیٹیگری میں قید بامشقت کاٹنے والے قیدی کو ایک مشقتی دیا جائیگا جب کہ اڈیالہ جیل میں کوئی فیملی کمپاؤنڈ موجود نہیں ہے ۔