تیز رفتار گاڑی پر سیکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ، ایک شخص ہلاک
مکہ مکرمہ....سیکیورٹی فورس نے مکہ مکرمہ اور طائف کے درمیان چیک پوسٹ پر تیز رفتار گاڑی پرفائرنگ کی جس کے نتیجے میں کار سوار ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا گرفتار کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب الکر چیک پوسٹ سے ایک تیز رفتار گاڑی کا گزر ہوا جس کے ڈرائیور نے اہلکاروں کے مطالبے سے کار روکنے کی ہدایت پر عمل نہیں کیا۔ چیک پوسٹ سے تیز رفتاری کے ساتھ گزرجانے پر سیکیورٹی اہلکاروں نے اسپیکر پر ڈرائیور کو گاڑی روکنے کا مطالبہ کیا مگر اس نے اپنی رفتار برقرار رکھی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے اس موقع پر ہدایات کے مطابق عمل کیا اور گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔ فائرنگ کی وجہ سے ڈرائیور گاڑی روکنے پر مجبور ہوا جس کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا۔ سیکیورٹی ادارے اس سے تفتیش کر رہے ہیں۔ وزارت داخلہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد تفصیلی اعلامیہ جاری کرے گی۔