مسافر وں پر کارٹن میں سامان لے جانے کی پابندی عائد نہیں
کارٹن اور پلاسٹک کے تھیلو ں کی پابندی ایئر پورٹ انتظامیہ کی جانب سے نہیں بلکہ انفرادی طور پر غیر ملکی ائیر لائن کی پالیسی ہو سکتی ہے ، ترجمان ائیر پور ٹ کی اردو نیوز سے گفتگو
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) شاہ عبدالعزیز انٹر نیشل ائیر پورٹ کے ترجمان ترکی الذیب نے کہا ہے کہ ائیر پورٹ انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کو کارٹن لے جانے سے منع نہیں کیا ۔اگر کسی غیر ملکی ائیر لائن نے ایسا کوئی فیصلہ کیاہے تو وہ انکی پالیسی ہوگی ۔ دوسری جانب فضائی سروسسز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گلف ائیر کی جانب سے اس بارے میں پابندی عائد کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تمام مسافر سوٹ کیس میں سامان رکھیں ۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر گزشتہ کئی دنوں سے مختلف نوعیت کی باتیں گشت کر رہی تھیں جن میں گلف ائیر کا ہینڈ بل دکھا یا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ائیر لائن کے تمام مسافروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنا سامان روایتی بکسوں میں رکھیں ۔ گتے کے کارٹن یا پلاسٹک کے تھیلوں میں رکھا گیا سامان اگرچہ اسے ریپ ہی کیوں نہ کیا گیا ہو قابل قبول نہیں ہوگا ۔ اس حوالے سے ائیرپورٹ کے ترجمان ترکی الذیب نے اردونیوز کے استفسار پر کہا کہ ائیر پورٹ انتظامیہ کی جانب سے اس طرح کی کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی ۔ مسافر سول ایوی ایشن کے قانون کے مطابق اپنے سامان کو پلاسٹک ریپنگ کے بعد لے جاسکتے ہیں ۔ واضح رہے ائیر پورٹ پر پلاسٹک ریپنگ کرنے کے لئے متعدد کاﺅنٹرز نصب ہیں جہاں سامان بین الاقوامی معیار کے مطابق پیک کیاجاتا ہے ۔ اگر کوئی مسافر گتے کے کارٹن یا پلاسٹک کے تھیلے میں سامان لے جاتا ہے تو اس پلاسٹک فوائل کے ذریعے ریپ کرنا لازمی ہے ۔ دریں اثناءائیر پورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافر قانون کے مطابق اپنا سامان پیک کروائیں خاص کر آب ز م زم لے جانے کے لئے عام کین استعمال نہ کریں ۔ آب ز م زم کے لئے مخصوص بوتلوں کو پلاسٹک تھیلی اور اسکے بعد کارٹن میں پیک کیاجاتا ہے جو جہاز کے مخصوص خانے میں رکھا جاتا ہے ۔ بعض مسافر آب ز م زم عام پلاسٹک کے کین میں لے جانے کی کوشش کرتے ہیں جو کسی طورپر درست نہیں ۔ ایسے مسافروں کو اس وقت شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب انہیں کین لے جانے نہیں دیئے جاتے ۔ آب زم زم پلانٹ کی جانب سے ائیر پورٹ پر مسافروں کو پیک شدہ آب زمزم کے کین فراہم کئے جاتے ہیں ایک مسافر کو ایک ہی کین لے جانے کی اجازت ہوتی ہے ایک سے زائد کین نہیں لے جائے جاسکتے ۔ آب ز مزم لے جانے والے مسافروں کو چاہئے کہ وہ کین پر اپنا نام ، فلائٹ نمبر اور ملک و شہر کا نام واضح طور پر تحریر کریں ۔