Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعرات ، 21 اگست ، 2025 | Thursday , August   21, 2025
جمعرات ، 21 اگست ، 2025 | Thursday , August   21, 2025

ریاض : اے ٹی ایم کو تباہ کرکے نذرآتش کرنے والا سعودی گرفتار

ریاض.... ریجنل پولیس بینکو ں کی اے ٹی ایم کو توڑنے اور انہیں نذر آتش کرنے والے کو گرفتار کر نے میں کامیاب ہو گئی ۔ ملزم سعودی شہری ہے جس کی تلاش میں ریاض پولیس گزشتہ ماہ سے پریشان تھی ۔ ریجنل پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس کو گزشتہ ماہ نجی بینک انتظامیہ کی جانب سے شکایت موصول ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ نامعلوم شخص یا افراد نے بینک کی اے ٹی ایم کو تباہ کر دیا ۔ رپورٹ ملنے کے بعد پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کر دی اسی دوران دوسرے واقعہ کی اطلاع ملی جو اسی نوعیت کا تھا اس میں بھی نامعلوم ملزم نے اے ٹی ایم کو اسی انداز میں نشانہ بنایا تھا جس طرح سابقہ واردات کی تھی ۔دوسری واردات کے بعد پولیس کو کچھ شواہد ملے جن کی روشنی میں پولیس نے ملزم کی تلاش کا کام شروع کردیا ۔ پولیس پارٹی ابھی ملزم تک پہنچی نہ تھی کہ ایک او ر اسی طرح کی واردات کی اطلاع ملی اب ایک ساتھ 2 اے ٹی ایم کو نشانہ بنایا گیا تھا ۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم نے یکے بعد دیگر ے 8 وارداتیں کیں جن کی رپورٹ پولیس میں درج کی جاچکی تھی ۔ پولیس کو نامعلوم ملزم تک پہنچنے میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا بالاخر پولیس پارٹی ملزم کا سراغ لگانے میں کامیاب ہو گئی ۔ گرفتارملزم کی عمر 30 برس کے قریب ہے اس کے قبضے سے ہتھوڑا اور دیگر آلات بھی برآمد ہو ئے جن سے وہ کارروائیاں کیا کرتا تھا ۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران ملزم نے تمام وارداتوں کا اعتراف کر لیا ۔ پولیس نے اسکا چالان پبلک پراسیکیوٹر جنرل کوبھجوا دیا جہاں مزید تحقیقات کے بعد مقدمہ عدالت میں پیش کیاجائے گا ۔ 
 
 

شیئر: