Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 26 اکتوبر ، 2025 | Sunday , October   26, 2025
اتوار ، 26 اکتوبر ، 2025 | Sunday , October   26, 2025

نئے سعودی عرب میں عید کا جشن

لمیا باعشن ۔ المدینہ
امسال سعودی عرب میں عید کا جشن گزشتہ برسوں سے مختلف شکل میں منایا جارہا ہے۔ امسال مملکت میں عید کی خوشی دیگر برسوں کے مقابلے میں مختلف ہے۔ امسال عید کی خوشیاں ہر انسان کو میسر ہیں۔ گزشتہ سال تک عید کی خوشیاں پابندیوں کی دیواروں کے عقب منائی جاتی تھیں۔ عید کے جشن کے مناظر دیکھنے کیلئے انسان سڑکوں پر نکلتا مگر اسے اپنا ہدف نظر نہیں آتا تھا۔معمولی سج دھج کا سلسلہ بے شک تھا آتشبازی کے مناظر اور پھر شام کا کھانا اورگھروں کو واپسی اس حد تک عید کی خوشیوں کے مناظر دیکھنے میں آتے تھے۔ سعودی شہری عید کی خوشیاں منانے کیلئے گیسٹ ہاﺅسسز (استراحات) اور سمندر پر قائم کیبنز کا رخ کیا کرتے تھے۔ کچھ لوگ عید کی خوشیاں منانے کیلئے باہر چلے جاتے۔ عید کے چار دن کسی خاص رونق کے بغیر یونہی سادہ انداز میں گزر جاتے تھے۔
امسال عید کا معاملہ یکسر مختلف ہے۔شاندار پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں۔ سعودی محکمہ تفریحات نے عید کے حوالے سے معاشرے کے تمام طبقوں میں خوشیاں بانٹنے کے لئے بہت سارے پروگرام ترتیب دیئے ہیں۔ مملکت کے شہر عید کی مناسبت سے عوامی طائفوں، فنون لطیفہ کے شوز اور مختلف قسم کی تفریحاتی سرگرمیوں سے مامور نظر آرہے ہیں۔ علاوہ ازیں محکمہ ثقافت نے بھی اپنے طور پر عید پروگراموں کا اعلان کیا ہے۔ شہری کہیں تھیٹرز سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ کہیں نغموں کی محفل جگائی جارہی ہے۔ کہیں سینما گھروں میں فلمیں دیکھنے کے لئے انفرادی اور اجتماعی شکل میں جایا جارہا ہے۔
اس پس منظر میں عید حقیقی معنوں میں ایسے جشن میں تبدیل ہوگئی ہے جس میں سب لوگ موج مستی کررہے ہیں اور انہیں احساس ہورہا ہے کہ دنیا بھر کے لوگ اسی طرح سے عید کی خوشیاں مناتے ہونگے۔
ایک سال نے مملکت کے حالات بدل دیئے۔ فاصلوں کی بساط لپیٹ دی۔ ایک سال کے دوران مملکت کے نقوش تبدیل ہوگئے۔جو باتیں مشکل نظر آتی تھیں جو کام انہونے لگتے تھے وہ اب عملی شکل میں دیکھے جانے لگے ہیں۔ضرورت صرف اور صرف سماجی توازن بحال کرنے کیلئے فیصلہ کن ٹھوس فیصلوں کی تھی۔ نوجوان قائد محمد بن سلمان نے اپنے روایتی جوش اور دور اندیشی کے نمائندہ سعودی وژن اور ریکارڈ وقت میں خوشگوار مثبت تبدیلی کے نفاذ کو پورے عزم کے ساتھ روبعمل لاکر یہ سارے کام انجام دیئے۔ حق اور سچ یہی ہے کہ مواقع کسی کا انتظار نہیں کرتے۔ مستقبل کا پہیہ اپنی جگہ پر جمود قبول نہیں کرتا۔ محمد بن سلمان کے ولی عہد بننے پر ایک سال گزرا ہے۔گزشتہ برس کے ماہ جون میں ایوان شاہی سے انہیں ولی عہد بنانے اور نائب وزیراعظم مقرر کرنے کا فرمان جاری ہوا تھا۔
اس دن سے اقتصادی، سیاسی اور سماجی سطحوں پر گوناگوں تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں۔ کامیابی پر کامیابی کی منزلیں طے ہورہی ہیں۔ا ایک سال کے اندر حیرت ناک تبدیلیاں معرض و جود میں آئیں اوردیکھتے ہی دیکھتے قومی تبدیلی پروگرام اور سعودی وژن 2030کے مطابق مملکت نے وقت کی ہمرکابی شروع کردی۔
محکمہ تفریحات نے مقامی شہریوں کے لئے زندگی کے معیار سے متعلق ایک پروگرام کو عملی جامہ پہنایا۔ عوام میں محنت کا جوش پیدا کیا۔ انہیں داد و دہش اور خود اعتمادی کا شعور دیا۔ کھلی فضاﺅں میں معاشرے کے لوگوں کے میل ملاپ سے افرادی قوت کے فروغ کے تصو ر کو جلا ملی۔
  گزشتہ جون میں ولی عہد محمد بن سلمان نے لا محدود خوابوں کا تذکرہ کرکے سعودی شہریوں کے اندر امیدوں اور آرزوﺅں کی جوت جگائی تھی۔ شہزادہ محمد بن سلمان کی آرزوﺅں کا سلسلہ آسمان سے باتیں کرتا نظر آتا ہے۔ انہوں نے ہم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ دنیا بھر کے مستقبل کے نقشے پر سعودی عرب کو نمایاں شکل دینے کا اہتمام کریں گے۔ گزشتہ جون سے کارواں ترقی مستقبل کی جہت میں عزم محکم اور عمل پیہم کے ساتھ رواں دواںشکل میں آگے بڑھ رہا ہے۔ اس کے میر کاررواں نوجوان قائد محمد بن سلمان ہیں جو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی راست ہدایات پر عمل پیرا ہیں۔ ایک سال میں ہی ہم نئے سعودی عرب کے نقوش دیکھنے لگے ہیں۔ زمان و مکان کے چیلنجوں سے بالا ہوکر عوام کے ذہنوں میں امید کے دیئے روشن ہوگئے ہیں۔ ہمارے دل خوشی سے لبریز ہیں۔ ہر ایک کو عید مبارک ہوہر ایک کو امن و امان، ترقی اور خوشحالی کا خوبصورت سفرمبارک ہو۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
 

شیئر: