ہندوستان ، چین اور ملائیشیا میں اربوں ڈالر سے آئل ریفائنریاں قائم کرینگے، آرامکو
ریاض..... سعودی آرامکو نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستان، چین اور ملائیشیا میں اربوں ڈالر کی لاگت سے آئل ریفائنریاں اور پیٹروکیمیکل فیکٹریاں قائم کریگی۔آرامکو خام مال کی سپلائی کیلئے نئی منڈیاں پکی کرنے کی پالیسی پر قائم ہے۔ پیٹرو کیمیکل کے شعبے کو فروغ دینے پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے کیونکہ پیٹرول کی طلب میں اتار چڑھاﺅ کے خطرات کا مقابلہ اسی شعبے کے ذریعے کیا جاسکتا ہے۔ آرامکو میں ریفائنری کے شعبے کے نائب سربراہ عبدالعزیز الجدیمی نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ رواں سال کے دوران نئی شراکت کے منصوبے چین، ہندوستان اور ملائیشیا میں منطقی انجام کو پہنچ جائیں گے۔ آرامکو یومیہ 8 ملین بیرل سے لیکر 10ملین تک ریفائنری کی صلاحیت بڑھانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ 2030ءتک پیٹرو کیمیکل کی پیداوار دگنی کردیگی۔ آرامکو نے ہندوستان کے مغربی ساحل پر پیٹرو کیمیکل کی 3فیکٹریاں 4ارب ڈالر کی لاگت سے ہندوستان کے ساتھ 50فیصد کے اشتراک سے قائم کی ہیں۔ آرامکو ہندوستانی آئل ریفائنری منصوبے میں 50فیصدکی اسٹراٹیجک شریک بن جائیگی۔