ریاض : چوری کی ورادتیں کرنے والا 7 رکنی گروہ گرفتار
ملزمان نے 13 وارداتوں کا اعتراف کر لیا ، 6 صومالی اورایک یمنی باشندہ شامل، عمریں 27 سے 60 برس کے درمیان ہیں،پولیس ترجمان
جدہ (ارسلان ہاشمی )ریاض ریجنل کے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ چوری کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ۔ اردو نیوز کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چورگروہ 7 افراد پر مشتمل تھا جن میں 6 صومالی اورایک یمنی باشندہ شامل ہیں جن کی عمریں 27 سے 60 برس کے درمیان ہیں ۔ ابتدائی تحقیقات میں ملزمان نے 13 چوری کی وارداتوں کااعتراف کر لیا ۔پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ گروہ انتہائی منظم طریقے سے کارروائیاں کرتا تھا۔ مختلف دکانوں اور کمپنیوں کی گاڑیاں جن میں مال سپلائی کیا جاتا ہے، میں ملزمان نے چوری کی وارداتیں کیں۔ متاثرین نے پولیس میں نامعلوم چوروں کے خلاف متعدد رپورٹس درج کروائی تھیں جن کی روشنی میں پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کےلئے جامع حکمت عملی مرتب کی ۔ پولیس تفتیشی ٹیم نے تمام وراداتوں کا بغور جائزہ لیا جس پر یہ بات سامنے آئی کہ وارداتوں میں طریقہ کار یکساں تھا جس پر پولیس نے جامع انداز میں تحقیقات شروع کرتے ہوئے گروہ کے ایک رکن کو گرفتارکر لیا ۔ پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے گرفتار ملزم سے تحقیقات کی تو اس نے اپنے دیگر ساتھیوں کی بھی نشاندہی کردی جنہیں انکے ٹھکانوں سے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان نے وارداتوں کا اعتراف کر لیا ۔انکے خلاف رپورٹ درج کرکے تحقیقاتی ادارے کے سپرد کر دیا گیاجہاں مزید تحقیقات جاری ہیں جس کے بعد ان پر فرد جرم عائد کرکے چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔