کیرانہ میں بی جے پی کی شکست اس کے زوال کاآغازثابت ہوگی، تبسم
کیرانہ ۔۔۔۔اترپردیش میں کیرانہ پارلیمانی ضمنی انتخابات میں فتح حاصل کرنیوالی راشٹریہ لوک دل کی امیدوار تبسم حسن نے کہا کہ 2019ء میں ہونیوالے پارلیمانی انتخابات میں ریاست سے بی جے پی کا صفایا ہوجائیگا۔ تبسم نے اپنی کامیابی کا سہرا چودھری چرن سنگھ کی پالیسیوں اور راشٹریہ لوک دل کے صدر اجیت سنگھ اور جینت چودھری کو دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں بی جے پی کو شکست اس کے زوال کاآغاز ثابت ہوگی۔ تبسم نے اسے سچائی کی جیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال لوک سبھا انتخابات میں یوپی میں بی جے پی کو80میں سے صرف 3نشستیں مل سکیں گی۔ الیکشن اور پولنگ کے دوران بی جے پی نے فرقہ پرستی پھیلانے کی سیاست کی اور لوگوں کے دلوں میں نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی لیکن وہ رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے ہندو مسلم کے درمیان پیدا ہونیوالی تلخی کو دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کرکے بھائی چارے کی فضاقائم کرینگی۔