اداکارہ کو برابر معاوضہ نہ ملا توکام نہیں کروں گا، کیمبر بیچ
اس میں کوئی شک نہیں کہ دنیا بھرکے تمام شعبہ جات میں ملازمین کی تنخواہ یا معاوضے میں تفریق پائی جاتی ہے۔ ایک ہی کام کرنے والے ملازمین کو بھی الگ الگ تنخواہیں دی جاتی رہی ہیںتاہم خیال کیا جاتا ہے کہ مرد و خواتین کے معاوضے یا تنخواہوں میں سب سے زیادہ فرق فلم انڈسٹری میں پایا جاتا ہے، جسے ختم کرنے کے لئے کافی عرصے سے مہم جاری ہے۔اسی مہم کو تقویت دیتے ہوئے ہالی وڈ کے معروف برطانوی اداکار بینڈکٹ کیمبر بیچ، جن کو سی بی ای بھی کہا جاتا ہے، انہوں نے انوکھا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ اس وقت تک کسی بھی فلم میں کام نہیں کریں گے، جب تک اسی فلم میں ان کے ساتھ کام کرنے والی اداکارہ کو ان کے برابر معاوضہ نہیں دیا جاتا۔ 41 سالہ اداکار بینڈکٹ کیمبر بیچ ”اوینجر: انفنٹی وار، تھور: ریگنوریک، دی کرنٹ وار، ڈاکٹر اسٹرینج، 12 ایئرز آف سلیوز، دی ہوبٹ، سیریز اور اسٹار ٹریک ان ٹو ڈارکنیس سمیت متعدد فلموں میں جلوہ گر ہوچکے ہیں۔اداکار نے شوبز نشریاتی ادارے سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اس وقت ہی کسی فلم میں کام کرنے کے لئے تیار ہوں گے جب ان کے ساتھ کردار ادا کرنے والی اداکارہ کو بھی ان کے برابر ہی معاوضہ دیا جائے گا۔انہوں نے مرد و خواتین کے درمیان برابر معاوضوں کو فیمننزم کا بنیادی اصول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر کسی کو خود کو ملنے والے معاوضے کا خواتین کے ساتھ موازنہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں پتہ چلا کہ ان کی ساتھی اداکارہ کو ان سے کم معاوضہ دیا گیاہے تو وہ کام نہیں کریں گے۔