انفرادی کمپنیوں میں السریع گروپ کو فوقیت ، سعودی سیمنٹ کی تنزلی ،انڈیکس کا 7953.36پوائنٹس پر اختتام ہوا
غیاث الدین۔جدہ
گزشتہ ہفتے بھی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی۔ تداول آل شیئرانڈیکس 82.49پوائنٹس کے اضافے کے بعد 7953.36 پوائنٹس پر اختتام پذیر ہوا۔ سودوں اور حجم میں بالترتیب 11فیصد اور 16فیصد کا اضافہ نوٹ کیا گیا۔ کاروباری مالیت 6.9 فیصد اضافے کے بعد 22ارب ریال پر پہنچ گئی۔ قیمتیں بڑھنے سے مارکیٹ کیپٹلائزیشن 13ارب ریال کے اضافے کے بعد 1882 ارب ریال پر پہنچ گئی۔ مارکیٹ کا پی ای ریشو 16.44ریال پر اختتام پذیر ہوا۔ اگر ہم انفرادی کمپنیوں کی کارکردگی کا مطالعہ کریں تو معلوم ہوگا کہ السریع گروپ کو فوقیت حاصل رہی جس کی قیمت 20.1فیصد کے گرانقدر اضافے کے بعد 14.15ریال تک پہنچ گئی۔ فائدے کے لحاظ سے انرجی سیکٹر کی کمپنی سارکو دوسرے نمبر پر رہی جس کی قیمت 12.60فیصد کے فروغ کے بعد 46.21ریال پر بند ہوئی۔ انفرادی کمپنیوں میں سعودی سیمنٹ کمپنی کو تنزلی حاصل رہی جس کی قیمت 12.68فیصد کمی کے بعد 49.01ریال پر بند ہوئی جبکہ نقصان کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ساﺅدھرن پراونس سیمنٹ کمپنی رہی جس کی قیمت 12.37فیصد انحطاط کے بعد 43.70ریال تک گر گئی۔ سرمایہ کاری کے لحاظ سے سابک ٹاپ پر رہی جس میں 3.9ارب ریال کی سرمایہ کاری کی گئی اور اس کی قیمت 0.66فیصد اضافے کے بعد 117.18ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ گزشتہ ہفتے بھی کئی کمپنیوں نے اپنے سالانہ مالیاتی نتائج کے ساتھ ڈیویڈنڈ کے اعلانات بھی کئے جن میں مکہ کنسٹریکشن، اندلس پراپرٹی ، سعودی جرمن اسپتال سب نے 20، 20فیصد کیس ڈیویڈنڈ تقسیم کرنے کے اعلانات کئے جبکہ البابطین اور فتیہی گروپ نے 5،5فیصد ڈیویڈنڈ کے اعلانات کئے۔