کراچی(آن لائن)سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں ڈویژن بینچ نے پاکستانی فلم 'مالک' پر وفاقی حکومت کی جانب سے لگائی گئی پابندی کو غیر قانونی قرار دے کر اس کی نمائش کی اجازت دے دی۔یاد رہے کہ رواں برس اپریل میں فلم کے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر عاشرعظیم نے وفاقی حکومت کی جانب سے 'مالک' پر لگائی گئی پابندی کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔اپنی درخواست میں عاشر عظیم نے موقف اختیار کیا تھا کہ فلم پر پابندی وفاقی حکومت نے لگائی، جس کا اختیار وفاق کو نہیں ہے جبکہ 18 ویں ترمیم کے بعد سنسر بورڈ بنانا صوبائی حکومت کا اختیار ہے۔مذکورہ درخواست پر سماعت کے دوران سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں ڈویژن بینچ نے فلم 'مالک' پر پابندی غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں اس کی نمائش کی اجازت دے دی۔عاشر عظیم نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرخوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ 'ہم فلم کو ملک میں غیر قانونی طور پر نہیں ریلیز کرنا چاہتے تھے، یہی وجہ ہے کہ ہم نے انتظار کیا اور اب پاکستان میں 'مالک' کی نمائش کی اجازت مل گئی ہے'