ڈھاکا۔۔۔بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ نے 2009 ء میں بغاوت کرتے ہوئے 74 افرادکو قتل کرنیوالے 139 سرحدی محافظین کو سنائی گئی سزائے موت کی توثیق کر دی ہے۔ بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کے بر سر ِ اقتدار آنے کے 2 ماہ بعد 25 اور 26 فروری 2009 ء کو سرحدی محافظوں نے بغاوت کرتے ہوئے74 افراد کو قتل کر دیا تھا۔سپریم کورٹ نے اس حوالے سے اپنے اعلان میں کہا ہے کہ سرحدی محافظوں نے 57 کمانڈروں سمیت 74 افراد کو بڑی بے دردی سے موت کے گھاٹ اتارا تھا۔دارالحکومت کی ایک عدالت کی جانب سے 2013ء میں سزائے موت پانے والے 152 ملزمان میں سے 139 کی سزا پر عملدرآمد کی منظوری دیدی گئی ہے ۔دیگر ملزمان میں سے بعض کو عمر قید اور بعض کی رہائی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ملزمان کے وکیل کا کہنا ہے وہ اس فیصلے کے متن کا مطالعہ کرنے کے بعد ہی اپیل کے حوالے سے اپنی سفارشات دے گا۔