نئی دہلی۔۔۔راجستھان کانگریس کے صدر سچن پائلٹ نے وزیراعلیٰ وسندھرا راجے پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے دور اقتدار میں ہر طبقہ پریشان ہے اور عوام الیکشن میں بی جے پی کو سبق سکھائیں گے۔ پائلٹ نے جمعرات کے روز راجستھان کے شہر اجمیر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں اجمیر کی نمائندگی کے دوران انہوں نے کشن گڑھ کا ہوائی اڈہ اور سینٹرل یونیورسٹی کھولنے کے ساتھ متعدد ریل گاڑیاں شروع کرانے میں کامیابی حاصل کی جس کا فائدہ آج بی جے پی اٹھارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اجمیر ضلع کے عوام کے دل میں یہ بات گھر کرچکی ہے کہ ضلع کی ترقی کانگریس کے وقت زیادہ ہوئی۔انہوں نے بی جے پی حکومت کو عوام،کسان اور مزد و ر مخالف بتاتے ہوئے کہا کہ عوام حکومت کے زبانی جمع خرچ اور عملی طور پر کیے گئے نوٹ بندش اور جی ایس ٹی جیسے کاموں سے عاجز آچکے ہیں۔ انہوں نے امیدظاہر کی ہے کہ ضمنی انتخابات میں کانگریس اکثریت کیساتھ جیت درج کریگی۔پارٹی امیدوار کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اعلیٰ کمان جسے بھی ٹکٹ دیگی کانگریس کے سبھی کارکنان اس کیلئے کام کریں گے اور اسے بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے۔