فتح پور سیکری میں سوئس جوڑے پر 4 غنڈوں کا تشدد
لکھنؤ۔۔۔ایک طرف یوگی حکومت چیخ چیخ کر یہ اعلان کررہی ہے کہ ریاست میں پہلے غنڈہ راج تھا لیکن جب سے بی جے پی حکومت آئی ہے غنڈے ریاست چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں یا پھر وہ اپنے بلوں میں دبک گئے ہیں حالانکہ سب کو یہ معلوم ہے یہ دنیا کا بہت بڑا جھوٹ ہے۔فتح پور سیکری گھومنے آئے ایک سوئس جوڑے کو 4بدمعاشوں نے زبردست طریقے پر مارا پیٹا کہ دونوں کو داخل اسپتال کرنا پڑا ، ان میں سے ایک شخص کو راجستھان سے گرفتار کرلیا گیا ہے تو 3 افراد لاپتہ ہیں۔ اس بات پر ہندستانی وزارت خارجہ سخت تشویش میں تو حکومت سوئٹزر لینڈ نے براہ راست وزیرخارجہ شسما سوراج سے گفتگو کی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ گرفتار شر پسند بی جے پی کا آدمی ہے۔ واضح ہو کہ سوئٹزر لینڈ سے آنیوالا یہ جوڑا فتحپور سیکری کے تاریخی مقامات کو دیکھنے آیا تھا ۔اس دوران 4 شرپسند اُن کا تعاقب کرنے لگے اور ان کے ساتھ زبردستی سیلفی لینے کی کوشش کرنے لگے۔ ان پر فحش ریمارک بھی کیے لیکن جب اس جوڑے نے احتجاج کیا تو ان دونوں کو اینٹ پتھر اور ڈنڈوں سے بری طرح سے پیٹا گیا جس میں لڑکی کا سر پھٹ گیا اور اسکے کندھے میں بھی زبردست چوٹ آئی ۔ لڑکے کے سر میں پتھر لگا ہے اور اس کو ڈنڈوں سے زبردست طریقے پر پیٹا گیا ہے۔ دونوں کو اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے ۔پولیس نے رپورٹ درج کرکے اس واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔