اسپتالوں کو ویران کرنا ہے تو کھیل کے میدان آباد کریں، سردار سلیم
ریاض اے بی وی راک کیمپ میں شہدائے کشمیر کرکٹ کلب کے زیر اہتمام ٹورنامنٹ
ریاض (ذکاء اللہ محسن)ریاض اے بی وی راک کیمپ میں شہدائے کشمیر کرکٹ کلب کے زیر اہتمام کرکٹ ٹورنامنٹ ہوا۔ ٹورنامنٹ کے فائنل کے مہمان خصوصی جموں کشمیر لبریشن فرنٹ گلف زون کے سینیئر نائب صدر سردار سلیم خان آفتاب تھے ۔کرکٹ ٹورنامنٹ لبریشن فرنٹ اے بی راک یونٹ کے تعاون سے ہوا۔
فائنل کے اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سردار سلیم خان آفتاب نے شرکاء اور ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل جسم کو تندرست و توانا رکھنے کے لئے ضروری ہے۔ا گر ہسپتالوں کو ویران کرنا ہے تو کھیل کے میدانوں کو آباد کریں۔سردار سلیم خان آفتاب نے کہا کہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ کشمیری نوجوان دیار غیر میں اپنے روزگار کے ساتھ ساتھ اپنی تفریح کا بھی اہتمام کرتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے روزگار اور کھیل کود کے ساتھ ساتھ اپنے وطن کشمیر کی آزادی کے لئے بھی کردار ادا کریں۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم بحیثیت کشمیری متحد و منظم ہو کر تحریک آزادی کشمیر اور اپنی قیادت کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ ہم بھی دنیا کی آزاد فضاؤں میں سانس لے سکیں ۔
تقریب میں لبریشن فرنٹ کے راجہ ولید عبداللہ نے بھی شرکت کی۔ لبریشن فرنٹ اے بی وی راک کے نصیر خان تقریب کے اعزازی مہمان تھے۔ اختتامی تقریب کے اسٹیج سیکریٹری کے فرائض لبریشن فرنٹ اے بی وی راک یونٹ کے سردار ساجد سدوزئی نے ادا کئے۔ راجہ ولید عبداللہ، سردار منور اور نصیر خان نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقدی انعامات تقسیم کئے۔
تقریب کے آخر میں ٹورنامنٹ کی انتظامیہ اور ٹیموں کی طرف سے سردار سلیم خان آفتاب، ولید عبداللہ، سردار منور اور لبریشن فرنٹ اے بی وی راک یونٹ کے تمام ساتھیوں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا گیا۔