ریاض: بزم یاران کے قیام کا مقصد ادب کے ترویج کے سوا کچھ نہیں، ڈاکٹر سعید
محفل مشاعرہ کا اہتمام، یونس ابو غالب کی صدارت میں ریاض کے معروف شعراء نے کلام پیش کیا، کمرشل اتاشی ڈاکٹر عامر حسین مہمان خصوصی تھے
ریاض(ذکاء اللہ محسن )ادبی اور ثقافتی تنظیم ’’بزم یاران‘‘ ریاض کی جانب سے خوبصورت مشاعرے کا اہتمام کیا گیا جس میں سیاسی، سماجی، مذہبی اور ادبی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر بزم یاران ریاض کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر سعید احمد وینس کا کہنا تھا کہ ہماری تنظیم مکمل طور پر غیر سیاسی ہے۔ ہمارا مقصد ادب کی ترویج کرنا ہے۔ سعودی عرب میں لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی آباد ہیں، ان میں سے سیکڑوں ایسے افراد ہیں جو ادب سے وابستہ ہیں۔ دیگر ادبی تنظیمیں بھی ادب کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں، ان کے ساتھ مل کر ہم بھی اپنے دوستوں کے ہمراہ ادب کی ترویج کے لئے کام کریں گے۔
حلقہ یاران ریاض کے بانی عقیل احمد قریشی کا کہنا تھا کہ ادب سے منسلک افراد کے لئے بزم یاران ریاض ایک ایسا پلیٹ فارم بنے گا جوادب سے لگاؤ رکھنے والوں کی تشنگی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ ہم چاہتے ہیں کہ جو بھی شعرو شاعری کے ساتھ منسلک ہے ،اس کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع ملے۔
محفل مشاعرے کے مہمان خصوصی سفارت خانہ پاکستان کے کمرشل اتاشی ڈاکٹر عامر حسین کا کہنا تھا کہ میں ادب اور ادبی شخصیات سے بہت لگاؤ رکھتا ہوں ۔شاعری ایک ایسا لطیف فن ہے جس کے ذریعے انسان اپنے جذبات بیان کر سکتا ہے۔محفل مشاعرہ میں منصور چوہدری، محسن رضا، شہزاد کھوکھر، عبدالرزاق تبسم، وقار نسیم وامق، فرید احمد بھٹہ، صدر آفریدی، منظر زیدی، سلیم کاوش، ملک کامران، رانا خادم حسین، صابر قشنگ، شوکت جمال اور پروفیسر اقبال اعجاز بیگ نے اپنا خوبصورت کلام پیش کیا جس پر حاضرین محفل نے دل کھول کر د اد بھی دی۔ نظامت کے فرائض یوسف علی یوسف نے ادا کئے اور اپنا خوبصورت کلام بھی پیش کیا۔
تلاوت کلام پاک کی سعادت حافظ محمد بلال نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول کی سعادت معروف نعت خواں محمد اصغر چشتی نے حاصل کی۔
محفل مشاعرہ کی صدارت یونس ابوغالب نے کی اور کہا کہ بزم یاران ریاض میں ایسے شاندار مشاعروں کا انعقاد آئندہ بھی کریں گے۔