نئی دہلی- - - - -اترپردیش میں بدایوں کے سہسوان علاقے میں پولس نے ایک ایسے ڈاکٹر کو گرفتار کیا ہے جو آپریشن کر کے جسم میں بندوق کے چھرے ڈال کر قاتلانہ حملہ کا کیس بنواتا ہے۔ سینیئر پولس سپرنٹنڈنٹ چندر پرکاش نے بتایا کہ ظریف نگر علاقہ میں امبیا پور گاؤں کے باشندے بھگوان سنگھ نے رپورٹ درج کرائی تھی کہ کوٹھا گاؤں میں ایک بنگالی ڈاکٹر سدیپ وشواس جان لیوا حملے کی فرضی رپورٹ تیار کرتا ہے۔ وہ غنڈوں کے ذریعہ حملہ دکھا کر آپریشن کرکے ان کے جسم میں بندوق کے چھرے ڈال دیا کرتاتھا۔ انہوں نے بتایا کہ علاقائی پولیس سپرنٹنڈنٹ نے چھان بین کیلئے ایک ٹیم تشکیل دی اور ظریف نگر پولیس کے ساتھ ڈاکٹر سدیپ وشواس کی کلینک پر چھاپہ مارا۔ ٹیم نے ڈاکٹر کو سودان سنگھ نام کے شخص کے سینے میں بندوق کے چھرے ڈالتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ تفتیش میں ڈاکٹر نے بتایا کہ بھگوان سنگھ کے جسم میں اس نے ہی بندوق کے چھرے ڈالے تھے۔ پرکاش نے بتایا کہ ڈاکٹرکو گرفتار کر کے اس کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔اس نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بہت سے لوگوں کے جسم میں بندوق کے چھرے ڈال کر بے قصور لوگوں کو جیل بھجوا چکا ہے۔