اسلام آباد...وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ بد نیتی پر مبنی ہے۔ یہ رپورٹ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں ۔ پیر کومیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کرے گی ۔رپورٹ کی گزارشات بھی عدالت پر لاگو نہیں ہوتیں۔ رپورٹ کا والیم10 سپریم کو رٹ سے بھی چھپایا جا رہا ہے۔ عدالت سے اسے فراہم کرنے کی استدعا کی ہے۔ اسے بھی عام کیا جائے۔ غیر تصدیق شدہ دستاویزات کی گواہی کون دے گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ غیر مصدقہ دستاویزات پر مبنی رپورٹ سپریم کورٹ میں قابل سماعت ہی نہیں۔جے آئی ٹی قانون سے ہٹ کر جو بھی کام کرے گی اسے عدالت خود رد کر دے گی ۔انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی سرکاری پیسے میں خورد برد کا ایک بھی الزام لگانے سے قاصر ہے۔انہوں نے کہا کہ سازشی ٹولے کی کرپشن کی داستانیں پوری قوم نے دیکھی ہیں۔سپریم کورٹ کی عمارت پر گندے کپڑے لٹکانے والے آئین و قانون کی بات کرہے ہیں۔